ٹینس کی عالمی رینکنگ، نوویک جوکووچ کا مینر، ایشلے بارٹی ویمنز سنگلز میں بدستورپہلا نمبر

ٹینس کی عالمی رینکنگ، نوویک جوکووچ کا مینر، ایشلے بارٹی ویمنز سنگلز میں ...

  

پیرس (اے پی پی) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ٹینس کی تازی ترین عالمی رینکنگ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سربیا کے نامور ٹینس سٹار اور ومبلڈن چیمپئن نوویک جوکووچ اور خواتین کے سنگلز مقابلوں میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ خواتین کھلاڑیوں کے سنگلز مقابلوں میں جاپان کی ناؤی اوساکا اور جمہوریہ چیک کی کارولینا پالیسکووا بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ ہسپانوی روبرٹو باٹسٹا 9 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے۔ آئی ٹی ایف کی طرف سے جاری کردہ مینز رینکنگ میں سربین سٹار اور ومبلڈن چیمپئن نوویک جوکووچ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ سپین کے رافیل نڈال دوسرے اور سوئس سٹار راجر فیڈرر تیسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریا کے ڈومینک تھیم چوتھے نمبر پر ہیں، جرمنی کے الیگزینڈر زویرو پانچویں نمبر پر ہیں، یونانی کھلاڑی سٹیفانوس چھٹے نمبر پر ہیں، جاپان کے نیشیکوری ساتویں نمبر پر بدستور قائم ہیں، روس کے کیرن خچانوف ایک درجہ ترقی پاکر نویں سے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے، اٹلی کے فابیو فوگنینی ایک درجہ ترقی پاکر دسویں سے نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، روس کے ڈینیلی میڈویڈو تین درجے ترقی پاکر دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن تین درجے ترقی پاکر گیارہویں نمبر پر، ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو ایک درجہ ترقی پاکر بارہویں نمبر پر، سپین کے روبرٹو باٹیسٹا 9 درجے ترقی پاکر 13وین نمبر پر، کروشین کھلاڑی بورنا کوریک 14 ویں نمبر پر ہیں اور امریکا کے جان اسنر تین درجے ترقی پاکر 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ اسی طرح جارجیا کے نیکولس 16 ویں نمبر پر ہیں، کروشیا کے مارین کلک ایک درجہ ترقی کے بعد 17 ویں نمبر پر ہیں، بیلجیئم کے ڈیوڈ گوفن 5 درجے ترقی کے بعد 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ فرانس کے گیل مونفلس 4 درجے ترقی کے بعد 19 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اٹلی کے ماٹیو 20 ویں نمبر پر ہیں۔ برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے انجری مسائل سے چھٹکارہ پانے کے بعد بڑے عرصہ کے بعد ٹینس کے میدان میں جلوہ گر ہوئے ہیں وہ ٹینس کے میدانوں سے دوری کی وجہ سے رینکنگ میں 222 ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ مرے 2006ء سے ٹاپ رینکڈ برطانوی کھلاڑی تھے۔ ادھر ویمنز سنگلز میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی پہلے، جاپان کی ناؤمی اوساکا دوسرے، جمہوریہ چیک کی کیرولینا پالیسکووا تیسرے نمبر پر ہیں۔ رومانیہ کی سیمونا ہالپ تین درجے ترقی پاکر چوتھے نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔ کیکی برٹنز ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچوین نمبر پر چلی گئی ہیں۔ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا چھٹے نمبر پر ہیں، یوکرائن کی الینا سویٹولینا، امریکا کی سلونی سٹیفنز، امریکا کی سرینا ولیمز، بیلا روس کی آرینا سابالینکا، لٹویا کی اناستاسیجا سیواستوا اور سوئس بالیندا بنکک ایک ایک درجہ ترقی کے بعد بالترتیب ساتویں، آٹھویں، نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔

جرمنی کی انجلیق کربر 8 درجے تنزلی کے بعد 13ویں نمبر پر چلی گئیں ہیں۔ چین کی قیانگ وانگ ایک درجہ ترقی کے بعد 14 ویں نمبر پر، انگلینڈ کی جوہانا کونٹا 3 درجے ترقی کے بعد 15 ویں نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔ جمہوریہ چیک کی مارکیٹا کی دو درجے تنزلی ہوئی ہے اور امریکا کی میڈیسن کیز کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے دونوں کھلاڑی بالترتیب 16 اور 17 ویں نمبر پر ہیں، ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی ایک درجہ، استونیہ کی انیتا ایک درجہ اور کروشیا کی پیٹر مارٹک 4 درجے ترقی پاکر بالترتیب 18 ویں، 19 ویں اور بیسویں نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔ جرمنی کی جولیا 8 درجے تنزلی کے بعد 25 ویں نمبر پر چلی گئیں ہیں۔ جمہوریہ چیک کی بربورا سٹرائیکووا نے لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 22 درجے ترقی پاکر 32 نمبر پر پہنچ گئیں۔ اسی طرح امریکا کی سابق عالمی چیمپئن اور عالمی نمبر ایک وینس ولیمز کی مسلسل تنزلی کا سلسلہ برقرار ہے اور وہ 9 درجے تنزلی کے بعد 53 ویں نمبر پر چلی گئیں ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -