وفاقی کابینہ، سابق حکمرانوں سے میڈیکل کیمپ، آٖفسز میں خرچ رقم وصول کرنے کا فیصلہ

  وفاقی کابینہ، سابق حکمرانوں سے میڈیکل کیمپ، آٖفسز میں خرچ رقم وصول کرنے ...

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وفاقی حکومت نے سابق حکمرانوں سے کیمپ آفسز اور میڈیکل کی مد میں خرچ کی گئی رقم وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر اہم فیصلے کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کابینہ کو سابق حکمرانوں کے سکیورٹی اور طبی اخراجات پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے کیمپ آفس اور میڈیکل اخراجات کی مد میں 5.4 ارب خرچ کیے۔ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری کے کیمپ آفسز اور طبی اخراجات پر3 ارب سے زائد خرچ کیے گئے، شہباز شریف نے 8.7 ارب، شاہد خاقان عباسی نے 35 کروڑ اور یوسف رضا گیلانی نے ساڑھے 24 کروڑ روپے خرچ کیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے یہ تمام اخراجات سابقہ حکمرانوں سے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کرنے اور توصیف ایچ فاروق کو چیئرمین نیپرا لگانے کی منظوری بھی دی ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دورہ امریکہ کا خرچہ 4 لاکھ 60 ہزار ڈالرز تھا لیکن عمران خان اپنا دورہ امریکہ 60 ہزار ڈالرز میں مکمل کرکے واپس آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2016 میں نواز شریف علاج کیلئے باہر گئے تو 3 لاکھ 27 ہزار پاؤنڈز خرچ ہوئے، یہ کوئی بہتان یا الزام تراشی نہیں بلکہ سرکاری دستاویزات ہیں، نوازشریف نے اپنے گھر کی تزئین و آرائش سرکاری خرچ اور عمران خان نے اپنے گھر کی تزئین و آرائش اپنے خرچ پر کی۔ان کا کہنا تھا کہ 431 کروڑ روپے نوازشریف نے اپنی سکیورٹی پر لگائے جب کہ شہبازشریف نے 872 کروڑ 69 لاکھ روپے سے زائد اپنی سکیورٹی پر خرچ کیے اور بیگمات کیلئے الگ الگ سکیورٹی سکواڈ لگائے گئے، شہبازشریف نے 556 مرتبہ وزیراعظم کا جہاز ملک کے اندر استعمال کیا، شریف برادران نے 5 گھروں کو کیمپ آفسز بنایا تھااور ان کی سکیورٹی پر 2717 اہلکار تعینات تھے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں سبحان اللہ، نواز شریف کی نااہلی کے بعد چھوٹے بھائی نے رائیونڈ کو کیمپ آفس ڈکلیئر کیا۔مراد سعید کے مطابق یوسف رضا گیلانی کے 5 کیمپ آفسز تھے، تین آفسز لاہور اور دو ملتان میں تھے۔انہوں نے بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری کے لاڑکانہ اور نوڈیرو میں بھی کیمپ آفسز تھے، ان کی سکیورٹی پر 316 کروڑ 41 لاکھ 18 ہزار روپے سے زائد خرچ کیے گئے، 2017 ء میں 164 گاڑیاں سکیورٹی کے نام پر آصف زرداری کے پاس تھیں اور سکیورٹی کے نام پر زرداری نے 316 کروڑ روپے سے زائد تب خرچ کیے جب وہ صدر نہیں تھے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی امین اسلم نے کہا کہ مون سون شجرکاری کے تحت ملک بھر میں 14کروڑ پودے لگائے جائیں گے،شجرکاری کیلئے 400تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،وفاقی کابینہ نے پلاسٹک شاپنگ بیگز  پر پابندی کے قانون کی منظوری دے دی ہے،کابینہ نے اسلام آباد میں  پلاسٹک شاپرز 14 اگست سے پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے،پہلے مرحلے میں فیصلے کا اطلاق صرف اسلام آباد کی حدود میں ہوگا،پاکستان میں 55ارب پلاسٹک شاپرز  سالانہ استعمال ہورہے ہیں،پلاسٹک شاپرز ماحولیات کیلئے انتہائی خطرناک ہیں،نئے قانون کے تحت پلاسٹک شاپرز بنانے،استعمال اور فروخت کرنیوالوں پر جرمانہ ہوگا،پلاسٹک شاپرز کے متبادل ایک لاکھ بیگز مفت تقسیم کیے جائینگے۔معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ ریکوڈک کے فیصلہ کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے، جس کی سربراہی وزیر قانون کریں گے اور کمیٹی میں حماد اظہر، عشرت حسین، شہزاد اکبر، سید قاسم اور اٹارنی جنرل شامل ہوں گے، کمیٹی ریکوڈک فیصلے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو ڈیلی میل میں شائع خبر سے جڑے اعداد وشمار اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ فرودس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے ای کامرس پالیسی فریم ورک کی منظوری دی ہے، سکوک بانڈز اور یورو بانڈز آئندہ 6 ماہ میں جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور اس حوالے سے لیگل ایڈوائزرز کی ٹیم بنادی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے آٹے، گھی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا ہے اور صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعظم نے مصنوعی بحران ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ معاون خصوصی کے مطابق کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کا عمل شروع کردیا جائے، احتساب کمیشن لوٹی ہوئی رقم واپس لائے گا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق نے کہا ہے کہ گزشتہ 10 برسوں میں سکیورٹی کیمپ آفسز کے قیام پر قوم کا بے دریغ پیسہ خرچ کیا گیا، سابقہ دور میں نام نہاد مغلیہ خاندان نے ملک کو لوٹا، ریکوڈک فیصلے کے جائزہ کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے،کمیٹی ریکوڈک فیصلے کے ذمہ داروں کے تعین سمیت مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے گی،کابینہ نے ڈیلی میل میں شہبازشریف کی کرپشن سے متعلق سٹوری کا بھی جائزہ لیا،مختلف وزارتوں میں ایڈہاک اور ایڈیشنل چارجز کی جگہ مستقل تعیناتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، ملکی معیشت کو دستاویزی شکل دینے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،تاجروں کے جائزہ مسائل سننے اور حل کرنے کیلئے تیار ہیں،ٹیکس رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا،حکومت کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی،منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا کہ بتانا چاہتے ہیں کہ کس طرح سابقہ دور میں  نام نہاد مغلیہ خاندان نے ملک کو لوٹا،گزشتہ 10 برسوں میں سکیورٹی کیمپ آفسز کے قیام پر قوم کا بے دریغ پیسہ خرچ کیا گیا،پچھلی کیبنٹ میٹنگ میں شفقت محمود صاحب نے آگاہ کیا تھا جو نامکمل معلومات تھیں، اس معلومات کو آپ تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مختلف وزارتوں میں ایڈہاک اور ایڈیشنل چارجز کی جگہ مستقل تعیناتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے،چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی کی تعیناتی میں تین ماہ کی توسیع کی گئی ہے،وزیراعظم نے گھی اور آٹے سمیت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیاہے،مصنوعی قلت سے بحران پیدا کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی،وزیراعظم نے صوبائی چیف سیکریٹریز سے وضاحت طلب کرلی ہے،کابینہ کی خوردنی تیل پر عائد ٹیکس 7 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کرنے کی منظوری دی ہے،ہمارا مقابلہ سیاسی جماعت سے  نہیں بلکہ مافیا سے ہے،ملکی معیشت کو دستاویزی شکل دینے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،تاجروں کے جائزہ مسائل سننے اور حل کرنے کیلئے تیار ہیں،ٹیکس رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا،حکومت کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔حکومت آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، کسی ایک صحافی کا نام بتائیں جس کی تحریر و سیاق پر پابندی لگائی گئی ہو، دیکھنا یہ ہے کہ کون لوگ ملک کا منفی تشخص بنا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق نے کہا ہے کہ چوری کا کھرا برطانیہ جا رہا ہے، ابھی اور ملکوں میں بھی جائے گا، لوٹا مال واپس کرنا پڑے گا، یہ 22کروڑ عوام کا مقدمہ ہے۔ٹوئٹرپیغام میں انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا چیلنج قبول ہیابھی اور انکشافات ہونے باقی ہیں۔ انہوں نے کہا پہلی حکومت ہے جو چوروں کوگھر تک پہنچارہی ہے۔چوری اور سینہ زوری اب نہیں چلے گی۔لوٹا مال واپس کرنا پڑے گا۔فردوس عاشق نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے شہبازشریف برطانوی عدالت نہیں جائیں گے، شہبازشریف یہاں اپنے آپ کو فرشتہ ثابت کرتے ہیں،یہ کس کی آنکھوں میں مرچیں ڈال رہے ہیں، یہ اتناجھوٹ بولتے ہیں کہ سچ لگنے لگ جائے، ان کا وطیرہ ہے۔فردوس عاشق نے کہا کہ ان سے فنڈزکے معاملے پرہی تحقیقات ہو رہی ہیں، ٹی ٹیزسے جڑی مشتبہ ٹرانزیکشنزاور جائیداوں کی تحقیقات ہوں گی۔معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جو انہوں نے بویا وہ کاٹنا تو پڑے گا، انہوں نے محکموں کوکھوکھلا کیا،اس کا آڈٹ تو ہوگا۔

وفاقی کابینہ 

مزید :

صفحہ اول -