حکومت سرمایہ کاروں، کاروباری طبقے کو ہر ممکنہ سہولیات دینے کیلئے پرعزم: وزیر اعظم 

  حکومت سرمایہ کاروں، کاروباری طبقے کو ہر ممکنہ سہولیات دینے کیلئے پرعزم: ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری موجودہ حکومت کو کاروبار دوست و موافق سوچ کا حامل پائے گی،کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔  سرمایہ کاری بورڈ اور کاروبار سے متعلقہ وزارتیں سرمایہ کاروں کی سہولت کاری کے لئے مسلسل کوشاں ہیں اس امر کا اظہارانھوں نے امریکی پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات میں کیا،کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر محمود خان کی سربراہی میں یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں پاکستان میں کام کرنیوالی عالمی سطح کی معروف امریکی کمپنیوں کے نمائندگان شامل تھے۔ حفظان صحت، مشروبات، توانائی، زراعت اور دیگر مختلف شعبوں سے وابستہ اٹھائیس مختلف امریکی کمپنیوں (ایبٹ، سٹی بنک، ایگزان موبل، فیس بک، جنرل الیکٹرک، نیٹسول، پیپسی کو، پراکٹر اینڈ گیمبل، اوبروغیرہ)کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ چیئر مین یو ایس پاکستان بزنس کونسل نے پاکستان میں کام کرنے والی مختلف امریکی کمپنیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ مختلف کمپنیوں کے نمائندگان نے وزیرِ اعظم کو پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں، تجارتی حجم  اورملکی معیشت میں کردار سے آگاہ کیا۔ شرکا کا حکومتی پالیسیوں خصوصا کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کاری، کاروباری سرگرمیوں کی رجسٹریشن کے عمل اور کاروباری طبقے کو مساوی مواقع فراہم کرنے جیسے اقدامات پر اعتماد کا اظہار اور ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کا عندیہ دیاگیا۔وزیرِ اعظم نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کو ہر ممکنہ سہولت دینے کے لئے پرعزم ہے۔ ساٹھ کی دہائی میں مثالی معاشی ترقی کا عمل ستر کی دہائی میں قومیانے کی پالیسی کی وجہ سے جمود کا شکار ہوا۔ حکومت اس سوچ اور نقطہ نظر کو بدلنے کی کوشش کر رہی ہے جس میں منافع بخش کاروباری سرگرمیوں کومعیوب گردانا جاتا تھا اور اس کی حوصلہ شکنی کے لئے ٹیکسوں کا اضافی بوجھ ڈالا جاتا تھا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ سرمایہ کاری بورڈ اور کاروبار سے متعلقہ وزارتیں سرمایہ کاروں کی سہولت کاری کے لئے مسلسل کوشاں ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری برادری موجودہ حکومت کو کاروبار دوست و موافق سوچ کا حامل پائے گی۔

وزیراعظم 

مزید :

صفحہ اول -