مریم کا نواز شریف کی رہائی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا اعلان 

  مریم کا نواز شریف کی رہائی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا اعلان 

  

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز نے ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کر تے ہوئے کہاہے کہ ملک بھر میں احتجاجی ریلیوں کی قیادت خود کروں گی۔ منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ریلیوں میں نواز شریف کی رہائی اور رول آف لا کا معاملہ اٹھاؤں گی، آزادی اظہار، عوامی نمائندوں کو سزا دلوانے کے ہتھکنڈوں کے خلاف آواز بلند کروں گی۔مریم نواز نے کہا عوامی مینڈنٹ کی چوری اور سلیکٹڈ کو مسلط کرنے پر بھی احتجاج ہوگا۔دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف اور پارٹی کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتارپارٹی کے مرکزی رہنما ر انا ثنا اللہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں کی رانا ثنا اللہ سے ضلع کچہری میں پیشی کے موقع پر گفتگو ہوئی۔ شہباز شریف اور مریم نواز نے رانا ثنا اللہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حوصلے کی داد دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ قیادت اور جماعت آپکے او رآپ کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ آپ کو نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میں نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں اور گھبرایا نہیں، ڈٹ کر ان ہتھکنڈوں کا مقابلہ کروں گا۔ مریم نواز نے بتایا کہ وہ اتوار کے روز فیصل آباد میں ریلی سے خطاب کریں گی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آپ فیصل آباد کی ریلی دیکھیں گی تو باقی ریلیاں بھول جائیں گی۔ذرائع کے مطابق مریم نواز فیصل آباد دورہ کے موقع پر رانا ثنا اللہ کی رہائشگاہ پر بھی جائیں گی۔

 مریم نواز 

لاہور (جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے شرح سود میں اضافے کو تباہی کا نسخہ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اور کاروباری حضرات اس نالائق اور نااہل حکومت سے نجات کیلئے میرا ساتھ دیں، میں ان کے لئے بھی لڑوں گی۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ شرح سود میں اضافہ کاروباری طبقہ کی تباہی کا نسخہ ہے۔تاجر اور کاروباری حضرات اس نالائق اور نا اہل حکومت سے نجات کیلئے میرا ساتھ دیں۔ میں ان کے لئے بھی لڑوں گی۔ انشاء اللہ۔

 مریم نواز 

مزید :

صفحہ اول -