نوازشریف نے سکیورٹی پر 432، زرداری نے316کروڑ خرچ کئے، مراد سعید
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے نواز شریف نے سیکیورٹی کے نام پر 431 کروڑ 83 لاکھ، آصف زرداری نے سیکیورٹی اور انٹرٹینمنٹ کے نام پر قوم کے ٹیکس کے 316 کروڑ 41 لاکھ روپے خرچ کردئیے، یوسف رضا گیلانی کے پانچ کیمپ آفسز تھے، 24کروڑ 50لاکھ 49ہزار روپے سکورٹی پر خرچ کئے گئے،2015 میں نواز شریف کا دورہ امریکا 4 لاکھ 60 ہزار ڈالر کا تھا، رواں ماہ عمران خان کا یہی دورہ 60 ہزار ڈالر میں مکمل ہوجائیگا۔ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وفاقی وزرا ء کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ ایک مخصوص خاندان کے سیاسی گٹھ جوڑ کے باعث قرضوں میں ڈوبے ملک کے مظلوم عوام کے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں، اس مغلیہ خاندان نے قوم کے پیسے سے شاہانہ انداز میں زندگی گزاری۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ سندھ کا ذکر کریں تو سپریم کورٹ میں جمع رپورٹ کے مطابق تھر میں ہر سال 500 سے زائد بچے بھوک و افلاس کی وجہ سے موت کا شکار ہورہے ہیں۔ صاف پانی کے مسئلے سب سے زیادہ سندھ اور پھر جنوبی پنجاب میں نظر آئیں گے۔مراد سعید نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے، جس کے بعد جنوبی پنجاب کا نمبر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے رائے ونڈ کے لیے خصوصی سڑک بھی قوم کے پیسے سے بنائی جبکہ عمران خان کے گھر کی سڑک ان کے ذاتی پیسوں سے بنائی گئی، عمران خان کا کوئی کیمپ آفس نہیں، وہ وزیر اعظم ہاؤس میں نہیں رہتے بلکہ وہ بنی گالا میں اپنا خرچ خود اٹھاتے ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف کے اخراجات کی تفصیل بتاتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ انہوں نے قوم کے 872 کروڑ 59 لاکھ 59 ہزار روپے اپنی سیکیورٹی پر خرچ کیے۔انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف نے جب 130 کروڑ کا ہیلی کاپٹر لیا، تاہم اس کے علاوہ نواز شریف کے بطور وزیر اعظم زیر استعمال طیارے کو شہباز شریف نے 556 مرتبہ استعمال کیا، جس پر قوم کے41 کروڑ 77 لاکھ 33 ہزار روپے خرچ کیے گئے۔ انہوں نے سابق صدر ممنون حسین کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے کراچی کے گھر کو کیمپ آفس ظاہر کیا اور اس کے لیے 30 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار روپے استعمال کیے جبکہ شریف خاندان کی سیکیورٹی پر 2 ہزار 717 اہلکار مامور تھے۔دوسری جانب انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزادر کے آنے کے بعد سیکیورٹی اخراجات میں 85.6 فیصد کمی، اسی طرح سفری الاؤنس بھی کم کردیا گیا جبکہ ان کا اور عمران خان دونوں کا کوئی کیمپ آفس نہیں۔
مراد سعید