ملک کومعاشی طور پر دیوالیہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے، الیاس میمن
کراچی(این این آئی) آل کراچی انجمن تاجران اتحاد کے صدر الیاس میمن، تاجر رہنماؤں رفیق جدون، حاجی ہارون چاند،عبدالصمد خان، رضوان عرفان، ناصر محمود،شکیل چاولہ،نسیم یوسف اور دیگر تاجروں نے13جولائی کی کراچی سمیت ملک بھر میں کامیاب ہڑتال پر تاجر برادری کو مبارکباد دی ہے اور شکریہ ادا کیاہے۔انہوں نے کہا کہ ہڑتال کی کامیابی تمام تاجر تنظیموں کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے، ملک میں مہنگائی،ناجائز ٹیکس اورغیر دانشمندانہ بجٹ کی وجہ سے تاجر برادری ہڑتال کرنے پر مجبور ہوئی، حکومت نے تاجر برادری کے مسائل اور مشکلات کا حل نہیں نکالا تو ہڑتالوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے،اگر کراچی کے تاجرحکومتی اقدامات سے مطمئن نہیں ہیں۔
تو یہ ارباب اختیار کے لیے لمحہ فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسیوں سے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے،اس وقت کرنسی ریٹ،سونے اور پیٹرول کے ساتھ ساتھ گھی، تیل، آٹے اور دیگر چیزوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت وقت تاجر برادری سے مذاکرات کرے اور ایسے ٹیکس واپس لیے جائیں جو معاشی بحران کا سبب بن رہے ہیں جب کہ ٹیکس کے دائرے کار کو بڑھانے کے خوف کی صورتحال کا خاتمہ کیا جائے تاکہ تاجروں کو دوبارہ ہڑتال کرنے کی نوبت نہ آئے کیونکہ اس ملک کو معاشی طور پر مضبوط تاجر برادری ہی کرسکتی ہے۔