سی پیک میں چینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کرنے کیلئے اقدامات کریں گے، پاکستانی سفیر

سی پیک میں چینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کرنے کیلئے اقدامات کریں گے، پاکستانی ...

  

اسلام آباد(یواین پی)چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ اے ہاشمی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کے تحت قائم ہونے والے صنعتی زونز میں بڑے اوردرمیانے درجے کے چینی کاروباری افراد اورکمپنیوں کو سرمایہ کاری کرنے کیلئے راغب کرنے کیلئے مزید کوششیں اور اقدامات کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اب سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں، اب ہم سی پیک کے تحت قائم ہونے والے صنعتی زونز میں بڑی چینی کمپنیوں، درمیانے درجے کی صنعتوں اور سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے کے لئے کوششیں مزید تیز کریں گے، ان صنعتی زونزمیں سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ترغیبات اور مراعات دی جارہی ہیں۔

نغمانہ اے ہاشمی قبل ازیں چین میں پاکستان کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن بھی رہ چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین میں پاکستان کے چار قونصل خانے اور بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ اس ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا، ہم چینی کمپنیوں کے ساتھ رابطوں کو فروغ دے رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ مشترکہ منصوبوں کیلئے ذریعے تجارتی اورصنعتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہارکیا کہ چینی سرمایہ کے نتیجہ میں مقامی افراد کو روزگارکے مواقع ملیں گے، پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا جبکہ دونوں ممالک کوبھی اس سے فائدہ پہنچے گا۔سی پیک کے تحت توانائی، ٹرانسپورٹ اوربنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ متعدد منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین اورپاکستان کے درمیان سدا بہار دوستی قائم ہے، دونوں ممالک کے مابین دوستی اور تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ نغمانہ اے ہاشمی قبل ازیں بیلجئم اور یورپ کیلئے پاکستان کی سفیر رہ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین کے درمیان سدابہار سٹرٹیجک دوستی اورتعلقات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، یہ دوستی دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کی عکاسی کرتی ہے، افغانستان سمیت اہم علاقائی اوربین الاقوامی مسائل پر دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کررہے ہیں اور بیشتر نکات پر دونوں ممالک کا موقف ایک سا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جس نے اپنے 70کروڑ شہریوں کو غربت کی دلدل سے باہر نکالا۔

مزید :

کامرس -