جدید ٹیکنالوجی سے زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے صدر پاکستان کسان اتحاد

    جدید ٹیکنالوجی سے زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے صدر پاکستان کسان اتحاد

  

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان کی مجموعی برآمدات میں زرعی شعبہ کا حصہ70 فیصد کے قریب ہے جس میں سے 67 فیصد روئی اور ٹیکسٹائل کی مصنوعات کی برآمدات شامل ہیں۔ پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ زراعت کا شعبہ مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں 18 فیصد کا حصہ دار ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، بیماریوں کیخلاف بھرپور مزاحمت رکھنے اور زائد پیداوار کے حامل بیجوں کے استعمال اور آبی وسائل سے زیادہ سے زیادہ استفادہ سے شعبہ کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ ہماری قومی معیشت میں کلیدی کردار کا حامل ہے جو مجموعی قومی برآمدات میں 70فیصد کا حصہ دارہے جبکہ ملک کی افرادی قوت کا بہت بڑا حصہ کا روزگار بھی زراعت سے منسلک ہے۔

 انہوں نے کہا کہ چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاشتکاروں کے مسائل کے خاتمہ اور سہولیات کی فراہمی سے زرعی شعبہ کی کارکردگی میں اضافہ سے برآمدات کے فروغ اور قومی معیشت کی ترقی میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے جس کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

مزید :

کامرس -