’’ورلڈ کپ میں ہم نے اس چیز پر کمپرومائز کیا جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا “وقار یونس برس پڑے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہاہے کہ فٹنس پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،ہم اپنے کھلاڑیوں کو وقت پر ریٹائر نہیں کرتے ، ہارسے ڈرتے ہوئے سینئرز کے کیریئرز کو طول دینے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا،سینئرز کو ورلڈ کپ کھلانے کے چکر میں ہم بہت پیچھے چلے جاتے ہیں، حالیہ ورلڈ کپ میں ہم نے فٹنس پر کمپرومائز کیا، جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔جنگ نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہناتھا کہ کسی بھی کام کے لئے اہل شخص کا تقرر کیا جائے، مستقل مزاجی بھی ضروری ہے،سسٹم کو چلانے کے لئے اچھا وقت دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دو طرفہ سیریز بری نہیں کھیلتے، تاہم ورلڈ کپ یا کسی بڑے ٹورنامنٹ میں ہمارے کپتان کوچز سب ٹیسٹ ہوجاتے ہیں اور فٹنس کی قلعی کھل جاتی ہے۔ہمیں سری لنکا اور بنگلہ دیش کی سیریز کے بجائے آسٹریلیا کی بڑی سیریز کے لئے تیاری کرنی چاہیے،تین سال پہلے جب میں چھوڑ کر گیا تھا تو نئے کوچ نے فٹنس کی بات کی تھی،اس ورلڈ کپ میں ہم نے فٹنس پر کمپرو مائز کیا اور اس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔دوسری ٹیموں کے مقابلے میں پاکستان ٹیم میں یہ بات واضح دکھائی دی کہ ہم فٹنس پر کمپرومائز کرکے جن پندرہ کھلاڑیوں کو لائے تھے ان کی سلیکشن پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، کپتان،کوچ اور سلیکٹرز نے جس طرح سلیکشن پر کمپرو مائز کیا وہ چیزیں واضح دکھائی دیں۔