پرائم منسٹر لون سکیم، نوجوان قرضہ کس طرح حاصل کر سکتے ہیں؟ طریقہ کار جاری کر دیا گیا

پرائم منسٹر لون سکیم، نوجوان قرضہ کس طرح حاصل کر سکتے ہیں؟ طریقہ کار جاری کر ...
پرائم منسٹر لون سکیم، نوجوان قرضہ کس طرح حاصل کر سکتے ہیں؟ طریقہ کار جاری کر دیا گیا

  

اسلام آباد /لاہور(این این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پرائم منسٹر لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کیلئے قرضوں کے حصول کا طریق کار جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے وزیر اعظم کی جانب سے نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار کے لیے آسان شرائط پر بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام پرائم منسٹر کامیاب جوان ایس ایم ای لینڈنگ پروگرام کے تحت قرضے کے حصول کا طریق کار جاری کردیا ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق قرضے کے لیے درخواست فارم نیشنل بینک، بینک آف پنجاب اور بینک آف خیبر کی شاخوں اور ویب سائٹس سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ درخواست فارم پر اپنے ٹول فری نمبر بھی درج کریں تاکہ اپنا کاروبار کرنے والے نوجوانوں کی رہنمائی کی جاسکے۔درخواست فارمز کا اجرا وزیر اعظم کی جانب سے پروگرام کے باضابطہ افتتاح کے فوری بعد شروع کردیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت نوجوان اپنے کاروبار کے لیے بینکوں سے ایک لاکھ سے 50 لاکھ تک کے قرضے حاصل کرسکتے ہیں جن پر سود حکومت ادا کرے گی اور قرضہ پر نقصانات پر زر تلافی کا بوجھ بھی خود حکومت اٹھائے گی۔کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے حامل 21 سے 45 سال کی عمر کے مرد اور خواتین اس پروگرام کے تحت اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے قرضہ لے سکتے ہیں۔ آئی ٹی اور ای کامرس کے لیے عمر کی حد میں خصوصی رعایت دی گئی ہے اور 18 سال کی عمر کے نوجوان ای کامرس یا آئی ٹی سے متعلق کاروبار کے لیے اس اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔یہ قرض ورکنگ کپیٹل اور ٹرم لونز کی شکل میں دیے جائیں گے جن کی مدت 8 سال ہے جس میں ایک سال کا اضافہ کیا جاسکے گا۔پہلے درجہ کے کاروبار کے لیے نوجوانوں کو اپنے پاس سے بھی 10 فیصد سرمایہ لگانا ہوگا جبکہ دوسرے درجہ کے کاروبار کے لیے نوجوانوں کو 20 فیصد سرمایہ مہیا کرنا ہوگا۔قرضوں کے لیے خواتین کا کوٹا 25 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

مزید :

قومی -