وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا دورہ بلوچستان ہمارے لئے باعث مسرت ہے:جام کمال خان

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا دورہ بلوچستان ہمارے لئے باعث مسرت ہے:جام کمال ...
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا دورہ بلوچستان ہمارے لئے باعث مسرت ہے:جام کمال خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشین (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ بلوچستان ہمارے لئے باعث مسرت ہے، وہ پنجاب کے پہلے وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جن میں تربت، گوادر، موسیٰ خیل، زیارت شامل ہیں اور آج وہ پشین میں موجود ہیں جس کے بعد وہ لورالائی بھی جائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کے بلوچستان کے دورہ سے ایک مثبت پیغام جاتا ہے کہ جب صوبے ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح کا تعاون اور یکجہتی دکھاتے ہیں تو اس کا ایک اچھااثر نہ صرف حکومتی امور پر پڑتا ہے بلکہ عوام کے اندر بھی ایک اعتماد پیدا ہوتا ہے اور ہمارا تعلق کسی بھی صوبے سے ہو قومی یکجہتی کو استحکام ملتا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کا تسلسل کے ساتھ بلوچستان کا دورہ کرنا ہمارے لئے مسرت کا باعث ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار کے دورہ پشین کے موقع پر ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جام کمال خان نے کہا  کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشکور ہیں کہ جب بھی ہم پنجاب جاتے ہیں وہ انتہائی گرم جوشی کے ساتھ ہمیں خوش آمدید کہتے ہیں،بلوچستان کے دوروں کے دوران اور پنجاب میں ہونے والی ملاقاتوں کے موقع پر وعثمان بزدار نے بلوچستان کی ترقی کے لئے جن منصوبوں کا اعلان کیا وہ ہمارے لئے خوشی کا باعث ہیں، بلوچستان کے عوام ان کے صوبے کی ترقی کی سوچ رکھنے اور عملی اقدامات کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کے مشکور ہیں اوربلوچستان کے لئے ہمدردانہ جذبات کو یہاں کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ کوئٹہ اور کوئٹہ کے قریبی اضلاع میں حکومتی سربراہوں کا آنا رہتا ہے لیکن بلوچستان کے دوردراز علاقوں کے دورے اور دورہ تربت کے دوران وہاں میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے قیام کے اعلان پر بھی ہم آپ کے شکر گزار ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے دورہ بلوچستان کے دوران نہ صرف لوگوں کی دعائیں اپنے ساتھ لے کر جائیں گے بلکہ مختلف علاقوں کے عوام سے ملاقاتوں کے دوران انہیں صوبے کے بارے میں مزید جاننے کا موقع بھی ملے گا۔

جام کمال خان نے کہا کہ عثمان بزدار پنجاب کے وزیراعلیٰ ضرور ہیں لیکن ان کا تعلق بلوچستان سے ہی ہے کیونکہ ان کا آبائی ضلع بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے ساتھ منسلک ہے اور وہ بزدار قبیلہ سے تعلق رکھتے ہیں جن کی رشتہ داریاں اور تعلقات بلوچستان میں بھی ہیں، یہی وجہ ہے کہ نہ تو ہم انہیں اجنبی سمجھتے ہیں اور نہ ہی انہیں بلوچستان آکر کسی اجنبیت کا احساس ہوتا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی بلوچستان آمد کا سلسلہ جاری رہے، ہماری نیک تمنائیں وزیراعلیٰ پنجاب، ان کی حکومت اور پنجاب کے عوام کے لئے ہیں کہ ہم سب مل کر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کریں۔