یوای ٹی ملک کا قیمتی اثاثہ اور علمی ورثہ،اس کی ترقی و استحکام اولین ترجیح ہے:ڈاکٹر فضل احمد خالد
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا ہے کہ یوای ٹی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ اور علمی ورثہ ہے،پوری دنیا میں یوای ٹی کے فارغ التحصیل انجینئرز اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں،انجینئرنگ یونیورسٹی کی ترقی واستحکام ہماری اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن یوای ٹی لاہور کے وفد نے صدر ڈاکٹر فہیم گوہر اعوان کی قیادت میں پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر فضل احمد خالد سے انکے دفتر میں ملاقات کی،وفد میں ٹی ایس اے کے ترجمان ڈاکٹر تنویر قاسم بھی شامل تھے، ملاقات میں یوای ٹی کو درپیش مالی مشکلات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر فہیم گوہر اعوان نے یوای ٹی کے اساتذہ وملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کے فیصلے کی واپسی کو سراہا اور چانسلر کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے ڈاکٹر فضل احمد کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یوای ٹی کے مالی بحران کے مستقل حل میں وہ کلیدی کردار ادا کریں گے۔ ٹی ایس اے نے تجویز دی کہ یوای ٹی کے لیے بنائی چانسلرکمیٹی میں اساتذہ کو بھی نمائندگی دی جائے،جس سے ڈاکٹر فضل احمد خالد نے اتفاق کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےڈاکٹر فضل احمد خالد کا کہنا تھا کہ یوای ٹی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ اور علمی ورثہ ہے،ملک کی تعمیر وترقی میں یوای ٹی کے انجینئرز کی نمایاں خدمات ہیں،پوری دنیا میں یوای ٹی کے فارغ التحصیل انجینئرز اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوای ٹی میری مادر علمی ہے اور اسکے وائس چانسلر کی حیثیت سے بھی میں یہاں فرائض انجام دے چکا ہوں،اس لیے اس کی ترقی واستحکام ہماری اولین ترجیح ہے۔ڈاکٹر فضل احمد خالدنے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصا گورنر چوہدری محمد سرور نے ذاتی دلچسپی لے کر یوای ٹی کے ملازمین کی تنخواہوں کی کٹوتی کا فیصلہ واپس کروایا جبکہ وہ یوای ٹی کے مالی بحران کامستقل بنیادو ں پر حل چاہتے ہیں۔
Chat conversation end
Type a message...