حج بیت اللہ فضائل اور اہم ہدایات

حج بیت اللہ فضائل اور اہم ہدایات

  

اللہ تعالیٰ نے جو احکامات نازل فرمائے ہیں، ان میں سے بعض کا تعلق یا تو انسان کے بدن سے ہے جیسے نماز اور روزہ وغیرہ۔ بعض کا تعلق انسان کے مال سے ہے جیسے زکوٰۃ،قربانی اور صدقات واجبہ وغیرہ جبکہ حج بیت اللہ ایسا خدائی حکم ہے، جس کا تعلق انسان کے بدن اور مال دونوں سے ہے۔ حج فرض ہوجانے کے بعد اس کی ادائیگی میں تاخیر نہ کریں۔ ہمارے معاشرے میں یہ بات پھیلی ہوئی ہے کہ پہلے اولاد کی شادیوں سے فراغت مل جائے پھر حج کریں گے۔ والدین اپنی اولاد کی شادی کو اپنے اوپر فرض کا درجہ دے کر حج میں تاخیر کرتے ہیں یہ بالکل غلط سوچ اور اسلامی احکامات اور تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے۔ ایک تو یہ کہ زندگی کا کچھ بھروسہ نہیں نامعلوم آئندہ سال زندہ بھی رہیں گے یا نہیں؟ دوسرا وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انسان میں طاقت کم ہوتی جاتی ہے، بڑھاپا اور ضعف بڑھ جاتا ہے، مناسک حج کی ادائیگی کے لیے قوت، ہمت اور چستی چاہئے۔ تاخیر کی صورت میں یہ چیزیں دھیرے دھیرے کمزور پڑ جاتی ہیں انسان میں تندرستی اور چستی کے بجائے سستی اور ضعف پیدا ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے عبادات میں وہ لطف نہیں ملتا، جو جوانی کی عبادت میں ملتا ہے۔ مکانات کی تعمیر اور اولاد کی شادی بیاہ وغیرہ جیسے عذر کی آڑ میں فریضہ حج میں تاخیر کرنا بہت نادانی کی بات ہے۔ حج کے فضائل اور اس مبارک سفر کے بارے چند اہم ہدایات پیش خدمت ہیں۔

فضائل حج بیت اللہ:

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا گیا کہ (دین ِ اسلام میں) کون سا عمل زیادہ بہتر ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ (دل سے)اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لانا۔ پھر پوچھا گیا کہ اس کے بعد کون سا عمل (زیادہ بہتر ہے؟)تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اللہ کی راہ میں جہاد کرنا۔ پھر عرض کیا گیا کہ اس کے بعد کون سا عمل زیادہ بہتر ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اس کے بعد حج مبرور۔(صحیح البخاری، الرقم: 1519)

فائدہ:

یہاں ایک بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ بعض احادیث میں افضل ترین عمل کبھی حج کو، کبھی نماز،کبھی صدقہ، کبھی جہاد کو اور کبھی والدین کی خدمت وغیرہ کو قرار دیا جاتا ہے۔ ایسی تمام احادیث کا تعلق وقت، اشخاص اور حالات کے ساتھ ہے۔ حالات کے مطابق جس عمل کی زیادہ ضرورت ہو وہی زیادہ نفع مند اور فضیلت والا بن جاتا ہے۔ بعض لوگ کبھی کسی ایک عمل کی فضیلت کو بیان کرتے کرتے دوسرے عمل کی اہمیت کم کر دیتے ہیں۔ شریعت کے مزاج اور منشاء کو اچھی طرح سمجھ لیا جائے تو تمام اُلجھنیں دور ہو جاتی ہیں۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جو شخص اللہ تعالیٰ(کی رضا اور خوشنودی کو حاصل کرنے) کے لئے حج کرے اور دوران حج (احرام کی حالت میں) اپنی بیوی کے پاس نہ جائے(یعنی ہمبستری وغیرہ نہ کرے) اور (دوران سفر اپنے ساتھیوں سے) بیہودہ باتیں یا لڑائی جھگڑا وغیرہ نہ کرے اور (کبیرہ) گناہوں سے بچتا رہے تو وہ حج کرنے کے بعد (گناہوں سے ایسا پاک و صاف ہو جاتا ہے)جیسا کہ وہ اپنی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوتے وقت پاک وصاف تھا۔(صحیح البخاری، الرقم: 1521)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ حج کو آنے والے اور عمرہ ادا کرنے والے اللہ تعالی کے معزز مہمان ہیں اگر وہ اللہ تعالی سے دُعا مانگیں تو اللہ تعالی ان کی دعا قبول فرماتا ہے اور اگر وہ گناہوں کی مغفرت طلب کریں تو اللہ تعالیٰ ان کے گناہوں کو بخش دے گا۔(سنن ابن ماجہ، الرقم: 2892)

حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: حج کرنے والا حاجی اپنے قبیلے کے چار سو آدمیوں کی شفاعت کرے گا۔(مسند بزار، الرقم: 3196)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا دیتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالیٰ حج کرنے والوں کی مغفرت فرمائے اور ان کی بھی مغفرت فرمائے جن کیلئے حاجی لوگ اللہ تعالیٰ سے مغفرت کی دُعا مانگتے ہیں۔(شعب الایمان، الرقم: 3817)

چند اہم ہدایات:

1:نیت کی درستگی:

اس عظیم عبادت کی ادائیگی کے وقت خالص اللہ کی رضا اور خوشنودی کی نیت کریں اور اس کو محض اللہ کا خاص فضل اور احسان سمجھیں۔ خودنمائی، ریاء کاری، دکھلاوا، لوگوں کی واہ واہ لوٹنے اور خود کو ”حاجی صاحب“ کہلانے کا جذبہ خود پسندی ترک کر کے دل میں صرف اللہ کی رضا کا جذبہ پیدا کریں۔ البتہ یہاں ایک بات اچھی طرح ذہن نشین کر لیں کہ بسااوقات عبادات کی ادائیگی کے وقت خود بخود یہ خیال دل میں پیدا ہوتا ہے کہ لوگ مجھے اچھا سمجھیں، میری عزت کریں اور معاشرے میں مجھے قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے۔ اگر ایسے خیالات دل میں آ رہے ہوں تو عبادات کو ہرگز نہ چھوڑیں،بلکہ برابر ادا کرتے رہیں یہ کوئی پریشانی والی بات نہیں،بلکہ نفس اور شیطان کا اللہ تعالیٰ کی عبادات سے دور کرنے کا ایک دھوکہ اور وسوسہ ہے، اسے دِل میں جگہ نہ دیں۔ جونہی یہ خیال آنے لگے فوراً اپنی توجہ اللہ کے فضل و احسان اور اس کی طرف سے ملنے والی بے شمار نعمتوں کی طرف کریں اور اپنے آپ پر غور کریں اور خود کو سمجھائیں کہ یہ سب کچھ مجھ پر محض اللہ کا فضل اور احسان ہے اس ذات نے مجھ گناہ گار پر اپنا کرم فرمایا، اس میں میرا ذاتی کوئی کمال نہیں۔ ان شاء اللہ خود نمائی، ریاکاری اور دکھلاوے وغیرہ سے جان چھوٹ جائے گی۔

2: گناہوں سے اجتناب:

تمام عبادات بالخصوص فریضہ حج کی حقیقت پانے اور صحیح معنوں میں اس کا اجر و ثواب حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ انسان گناہوں سے خود کو بچائے،خصوصاً لڑائی جھگڑا، گالم گلوچ، عیب جوئی اور عیب گوئی، غیبت و تہمت، بہتان طرازی، چغل خوری، دھوکہ دہی، چوری چکاری، سیلفیاں لینا، تصویر سازی، بے پردگی، بد نظری، ممنوعات احرام اور مفسدات حج سے خود کو بچائے عموماً دیکھا جاتا ہے کہ حرم کعبہ اور مسجد نبوی شریف میں بیٹھ کر بہت سے دین دار بھی غیبت جیسے کبیرہ گناہ کا ارتکاب کرتے رہتے ہیں۔ اس سے بچنے کا سب سے آسان حل ذکر اللہ اور تلاوت قرآن کریم میں خود کو مشغول کرنا ہے۔

3:بازاروں میں وقت برباد نہ کریں:

حرمین شریفین بہت مقدس مقامات ہیں، وہاں کی عبادات کا ثواب عام جگہوں سے کہیں زیادہ ہے۔ انسان کی زندگی میں قسمت سے ایسے مواقع نصیب ہوتے ہیں، اس لیے ان اوقات کو ضائع ہونے سے بچائیں۔ بازاروں کی رونق بننے کے بجائے زیادہ وقت عبادات میں گزاریں، طواف کی کثرت کریں، بازار میں خرید و فروخت کوضرورت کی حد تک رکھیں، کوشش کریں کہ ایک ہی بار اپنی ضروریات کی چیزیں خرید لیں، بار بار بازار نہ جانا پڑے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -