کورونا فنڈز، مفت کتب ترسیل میں کرپشن حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے،ثمرہارون بلور

کورونا فنڈز، مفت کتب ترسیل میں کرپشن حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے،ثمرہارون ...

  

پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی سر چڑھ کر بولنے لگی ہے،کورونا فنڈز میں گھپلوں کے بعد تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر شروع کیے گئے کتب کی ترسیل کے پروگرام میں گھپلوں کا انکشاف صوبائی حکومت کی شفاف اور صاف تبدیلی کے منہ پر طمانچہ ہے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری اپنے بیان میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ نیب خیبرپختونخوا کی جانب سے مکمل کی گئی ٹیکسٹ بک بورڈ کی انکوائری میں گھپلوں کا انکشاف تبدیلی سرکار کی ایک اور چوری کی نشاندہی اور ثبوت ہے۔مفت کتب کی ترسیل میں بھی صاف اور شفاف طرز حکمرانی کی دعویداروں نے اربوں روپے پر ہاتھ صاف کیے ہیں۔ ثمر ہارون بلورنے اپنے بیان میں سوات ایکسپریس وے کی سڑکوں میں دراڑیں پڑنے پر بھی متعلقہ محکمے سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی پیسوں کو بہا کر غیر ضروری اور غیرمعیاری منصوبوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا،اربوں روپے لگانے کے بعد بھی سوات ایکسپریس وے استعمال کے قابل نہیں رہی۔ اے این پی کی صوبائی ترجمان نے کہا کہ اے این پی روز اول سے کہہ رہی کہ احتساب کا آغاز ہم سے ہی کیا جائے لیکن پی ٹی آئی میں موجود چوروں کو نہ چھوڑا جائے جو عوامی وسائل کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں،مینار پاکستان میں پی ٹی آئی جلسے کے بعد سات سال تک پاکستانیوں کو یقین دلانے کی کوشش کی گئی کہ پاکستان میں ایک پی ٹی آئی قیادت ہی صاف اور شفاف ہے باقی سب چور ہیں،آج اپنے ڈاکوں اور چوریوں کی بدولت پی ٹی آئی کی کرپٹ لیڈرشپ اپنے سلیکٹرز کی بدنامی کا سبب بھی بن رہے ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -