فائیواے سائیڈ ہاکی سے ملک میں کھیل کو فروغ ملے گا: خالد سجاد کھوکھر

  فائیواے سائیڈ ہاکی سے ملک میں کھیل کو فروغ ملے گا: خالد سجاد کھوکھر

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر (ریٹائرڈ) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں سکول، کالجز اور کلب لیول پر ہاکی کی ترقی کیلئے ہاکی فائیو اہم کردار ادا کرسکتی ہے، اس لئے ملک میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی کیلئے گراس روٹ لیول پر تعلیمی اداروں میں ہاکی فائیو کو متعارف کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت بھی تعلیمی اداروں میں ہاکی کے کھیل کے مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ گذشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے بھی ہاکی فائیو پر اپنی پوری توجہ دینی شروع کر دی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہاکی فائیو یعنی فائیو اے سائیڈ ہاکی کے کھیل پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ملک میں ہاکی کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی فائیو میں سکول ہاکی اور یوتھ ہاکی کا مستقبل روشن ہے، سکولوں اور کلب لیول پر ہاکی کے فروغ کیلئے ہاکی فائیو ایک اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن بھی 2023ء میں عالمی ہاکی فائیو کپ کا اعلان کر چکی ہے جو کہ شائد کورونا وائرس کی وبا کے باعث ایک سال کیلئے ملتوی ہو جائے لیکن اس سلسلہ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ابھی سے تیاری شروع کر دی ہیں جس کے مستقبل میں بہتر فوائد حاصل ہوں گے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -