نیب سے نہ ڈرنے والوں کو دہشتگردوں سے دھمکیاں دلوائی جا رہی ہیں: پیپلز پارٹی رہنما

  نیب سے نہ ڈرنے والوں کو دہشتگردوں سے دھمکیاں دلوائی جا رہی ہیں: پیپلز پارٹی ...

  

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو احسان اللہ احسان کے اکاؤنٹس سے دھمکی دی گئی، ابھی تک اس کا نوٹس نہیں لیا گیا، حکومت اس پر وضاحت دے،جب سے وزیرہوابازی نے پائلٹس کے لائسنس جعلی قرارد ئیے ہیں تب سے پی آئی اے کی پروازیں دنیا نے بند کرنا شروع کر دی ہیں، پنجاب سے پی ٹی آئی کے اتحادی ناقص حکمرانی کی وجہ سے ان کو چھوڑ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان اور سیکرٹری فنانس حیدر زمان قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وبا بن کر دو سال سے عوام پر حکمرانی کر رہی ہے۔ عوام خود فیصلہ کرلیں گے کہ کون درست ہے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ احسان اللہ احسان کی بلاول بھٹوزرداری کو دھمکی براہ راست عمران خان سے منسلک کرتے ہیں۔ جو نیب سے نہیں ڈرے انکو دہشتگردوں سے دھمکیاں دلوا ئی جا رہی ہیں۔بھارت کی افغانستا ن کے ساتھ تجارت کے لئے واہگہ بارڈر بنا بتائے کھول دیا گیا۔ موجودہ حکومت کلبھوشن کا نام کیوں نہیں لیتی۔ حیدر زمان قریشی نے کہا کہ فیصل واوڈا کا امریکن پاسپورٹ ہے جو ہم الیکشن کمیشن کو دیں گے اس کا نمبر 530572047ہے، ان کی تاریخ پیدائش 21اکتوبر 1973ہے، پاسپورٹ 22مئی 2015کو بنا۔ 21مئی 2025کو ایکسپائر ہو جائیگا۔لیکن یہ کہتے ہیں کہ میں نے نیشنلٹی چھوڑ دی ہے جبکہ ان کا پاسپورٹ ابھی تک قابل عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ میانوالی میں عمران خان کے کزن کی کرپشن کی آڈیو عوام کے سامنے آچکی ہے۔ مراد سعید کی وزارت میں ایک سے سات گریڈ کے لوگ کابینہ کی منظوری کے باوجود ابھی تک اپ گریڈ نہیں ہوئے۔ موجودہ حکومت کی 270ارب کی کرپشن کی رپورٹ آڈیٹر جنرل نے بتائی ہے۔ پیپلزپارٹی پی آئی اے، سٹیل ملز کو فروخت ہونے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ایڈیشنل آئی جی اور ایڈیشنل چیف لگانے سے وہاں کے مسائل حل نہیں ہونگے۔

پیپلزپارٹی رہنما

مزید :

صفحہ آخر -