وفاقی محتسب انتظامی نا انصافیوں کیخلا ف کوششیں جا ری رکھے گا: صدر مملکت

  وفاقی محتسب انتظامی نا انصافیوں کیخلا ف کوششیں جا ری رکھے گا: صدر مملکت

  

اسلام آباد (این این آئی)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے عام آدمی کو دہلیز پر فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وفاقی محتسب انتظامی نا انصافیوں کے خلاف لوگوں کی مدد کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں وفاقی محتسب سید طاہر شہباز سے ملاقات کے دوران کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی محتسب کی کارکردگی اور خصوصی اقدامات کی تعریف کی۔ وفاقی محتسب نے صدر کو اپنے ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وفاقی محتسب نے کہاکہ 2019ء کے دوران 75 ہزار سے زائد کیسز نمٹائے گئے جن میں سے 97 فیصد فیصلوں پر عمل درآمد کیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ وفاقی محتسب میں 1039 کیسز میں نظر ثانی کی اپیلیں دائر کی گئی،317 کیسز میں صدر پاکستان کو اپیلیں دائر کی گئی جوکہ مجموعی کیسز کا 0.4 فیصد بنتی ہیں۔بتایاگیاکہ صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے 90 فیصد فیصلوں کو برقرار رکھا، 2019ء کو آگاہی کے سال کے طور پر منایا گیا۔مہم کے باعث بلوچستان جنوبی پنجاب اور ایبٹ آباد سے کیسز کے اندراج کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔ بلوچستان بہاولپور، ملتان، لاہور، پشاور اور ایبٹ آباد کے دور دراز علاقوں اور مختلف یونیورسٹیوں میں سیمینارز منعقد کئے گئے۔ سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینٹ، گورنر پنجاب، گورنر سندھ ،گورنر خیبرپختونخوا اور ارکان پارلیمنٹ کو وفاقی محتسب کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ وفاقی محتسب کے دس علاقائی دفاتر کے افسران نے آؤٹ ریچ کمپلینٹ ریزولیشن پروگرام کے تحت 72 اضلاع اور تحصیلوں کے 370 دورے کئے، وفاقی محتسب نے کیسز کے60 دنوں میں فیصلے کئے، نظر ثانی اپیلوں کے 45 دن میں فیصلے کئے گئے۔جنوری2020ء سے جون2020ء تک47 ہزار سے زائد کیسز رجسٹرڈ کئے گئے ہیں جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 38 فیصد زیادہ ہیں۔کورونا وباء کے دوران 60فیصد کیسزکی رجسٹریشن آن لائن سسٹم کے ذریعے کی گئی۔وفاقی محتسب نے کہاکہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق جیلوں میں قیدیوں کی حالت زار میں بہتری کیلئے کوششیں کی گئی۔انہوں نے کہاکہ ہر جیل میں ایک ماہر نفسیات اور ایک ڈاکٹر کی موجودگی یقینی بنائی گئی ہے۔

صدرمملکت

مزید :

صفحہ آخر -