محر م الحرا م میں مجالس کاانعقاد، حکومت او ر شیعہ علماء میں ایس او پیز پر اتفاق
اسلام آباد(آئی این پی)حکومت اور شیعہ علما کے درمیان کورونا کے حوالے سے محرم الحرام کے دوران عزاداری اور مجالس کیلئے ضابطہ کار (ایس او پیز)پر اتفاق ہوگیا۔ جمعرات کو اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ممتاز شیعہ علما ء کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ،وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سمیت علامہ عارف واحدی اور راجہ ناصرعباس سمیت دیگر علما شریک ہوئے۔ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عزاداری اور مجالس کے لیے ضابطہ کار پر اتفاق ہوگیا ہے جس کے تحت مجالس میں فاصلے کا خیال رکھا جائے گا اور امام بارگاہ میں لوگوں کے بیٹھنے کیلئے نشان لگائے جائیں گے جبکہ ماسک کے بغیر کسی کو مجلس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اورامام بارگاہ سے باہر جراثیم سے پاک چٹائیاں بچھائی جا سکتی ہیں۔اجلاس میں طے پایا کہ طویل مجالس کے انعقاد سے اجتناب کیا جائیگا اور مجالس کو مقررہ وقت پر ہی شروع اور ختم کیاجائے گا جبکہ تبرک اور نیاز کے دستر خوان کے بجائے پارسل کا اہتمام ہوگا۔ محرم میں صرف لائسنس یافتہ اور روایتی جلوس کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ نکالنے کی اجازت ہوگی، جلوس میں ہینڈ سینیٹائزر کااستعمال اور ماسک لگانا ضروری ہوگا اور جلوس میں افراد کے مابین مناسب فاصلے کو برقرار رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ عمر رسیدہ اور مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کو جلوس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر صدر مملکت نے علمائے کرام کا بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں تمام مکاتب فکر کے علما نے کورونا کی روک تھام کے لیے مکمل تعاون کیا،امید ہے اس بار بھی علمائے کرام مثالی تعاون کا مظاہرہ کریں گے۔
ایس او پیز