چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی سے مولانا طارق جمیل کی ملاقات

چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی سے مولانا طارق جمیل کی ملاقات

  

لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی درازی عمر اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر اور راسخ الٰہی بھی شریک تھے۔ مولانا طارق جمیل نے چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور ان کے گھرانے کی دین کیلئے خدمات اور تبلیغی جماعت کی بھرپور سپورٹ پر ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے امت مسلمہ کی طرف سے فرض کفایہ ادا کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دین کی خدمت کیلئے آپ کے گھرانے کو چنا ہے۔ آپ کے گھرانے نے ہمیشہ دینی معاملات پر سٹینڈ لیا جو کہ نہایت قابل ستائش ہے۔ انہوں نے سپیکر چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب اسمبلی میں تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ناموس صحابہ بل اور دینی کتب کی اشاعت سے پہلے متحدہ علماء بورڈ سے منظور کروانے کے اقدام پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں عرصہ دراز سے مختلف حکمرانوں سے دینی خدمات کے سلسلے میں ملتا رہا ہوں لیکن جتنا احترام اور محبت چودھری پرویزالٰہی نے دیا اسے میں کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے مولانا طارق جمیل سے کہا کہ آپ جیسے علماء کرام کی تبلیغ اسلام کیلئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

ملاقات

لاہور(جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ سے چیئرمین علماء کونسل و متحدہ علماء بورڈ مولانا طاہر اشرفی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت محرم الحرام میں امن وامان اور اسلامی تعلیمات کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بطور چیئرمین علماء کونسل و متحدہ علماء بورڈ مولانا طاہر اشرفی کی خدمات قابل قدر ہیں، اسلامی تعلیمات کے فروغ کے حوالے سے ان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں بین المذاہب ہم آہنگی، اسلامی تعلیمات اور ملک میں امن و امان کیلئے سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی، متحدہ علماء بورڈ نے اس حوالے سے جو ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے اس پر سب جماعتوں کو مل کرعمل کرنا چاہئے اور ملک کے اندر انتشار پھیلانے والے عناصر کی سرکوبی کرنی چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تمام مقدس آسمانی کتب و مذاہب اور تمام اسلامی مقدس شخصیات کا احترام و رواداری سب پر لازم ہے، محرم الحرام اور دیگر مذہبی تہوار پر تمام مکتبہ فکر کے علماء سے پہلے بھی مشاورت کرتے رہے ہیں آئندہ بھی کریں گے تاکہ سازشی عناصر کا خاتمہ کیا جا سکے۔ مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب آپ کا واحد دور ہے جس میں محرم الحرام، صفر اور دیگر اسلامی مہینوں و تہواروں پر کوئی فرقہ وارانہ واقعہ پیش نہیں آیا، بطور وزیراعلیٰ آپ تمام مکتبہ فکر کے علماء سے مشاورت کے بعد ایس او پیز تیار کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام امن و امان اور رواداری کو یقینی بنائیں اور تمام آسمانی کتب و مذاہب اور اسلامی مقدس شخصیات کا احترام کریں۔

مولانا طاہر اشرفی

مزید :

صفحہ آخر -