بلوچستان حکومت کی تبدیلی کیلئے پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) متحرک

بلوچستان حکومت کی تبدیلی کیلئے پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) متحرک

  

اسلام آباد(آن لائن)بلوچستان حکومت کی تبدیلی کیلئے پیپلزپارٹی اور جے یو آئی (ف) متحرک ہو گئی ہیں اور سابق صدر آصف علی زرداری نے جوڑ توڑ کیلئے ایک بار پھر اپنے قریبی ساتھی قیوم سومرو کو ٹاسک دیدیا ہے جبکہ دوسری طرف بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سپیکر صوبائی اسمبلی عبدالقدوس بزنجو سمیت بعض اراکین بھی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے خوش نہیں ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمن اور بلاول بھٹو زرداری کی کراچی میں جو ملاقات ہوئی تھی اس میں بلوچستان حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ ہوا تھا اور اسی فیصلے کے تناظر میں آصف زرداری نے اپنے قریبی ساتھی قیوم سومرو کو اب بلوچستان میں ڈیرے ڈالنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔اپوزیشن جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس 30اراکین کی حمایت موجود ہے جبکہ حکومت کی تبدیلی کیلئے مزید 3اراکین بھی جلد ان کیساتھ مل جائیں گے۔دوسری طرف ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی بھی وزیراعلیٰ بلوچستان سے خوش نہیں ہیں اور ان کی سولو فلائٹ کی وجہ سے خاموشی کیساتھ وہ بھی چاہتے ہیں کہ وزارت اعلیٰ کا امیدوار تبدیل ہو۔آصف زرداری مولانافضل الرحمن کو یہ بھی یقین دلا چکے ہیں کہ اپوزیشن کی جماعتیں بلوچستان سے آئندہ سینیٹ کے انتخابات میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی تاکہ ان کی سینیٹ میں نمائندگی برقرار رہے۔

اپوزیشن متحد

مزید :

صفحہ آخر -