کورونا وباء سے محکمہ پولیس پنجاب انتہائی متاثر، حکومت نے بجٹ میں بھیکٹ لگا دیا

کورونا وباء سے محکمہ پولیس پنجاب انتہائی متاثر، حکومت نے بجٹ میں بھیکٹ لگا ...

  

لاہور(رپورٹ، یونس باٹھ)کورونا وباء سے صوبہ پنجاب میں دیگر شعبوں کی طرح محکمہ پولیس بھی مشکلات سے دوچار ہے، جہاں اب تک 1700 اہلکار وائرس سے متاثر جبکہ 16دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کرچکے ہیں تاہم ایسے حالات میں حکومت نے محکمہ کے بجٹ سے تین ارب روپے کی کٹوتی بھی کر لی ہے جس سے فورس میں بددلی پھیلی ہے اور شہداء کے لواحقین کو معاوضہ بھی نہیں مل رہا۔ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں کیلئے کورونا وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کیلئے اخراجات معمول سے زیادہ ہورہے ہیں جبکہ جو اہلکارکورونا سے متاثر یا فوت ہوئے ہیں ان کیلئے امدادی رقوم محکمہ کے شعبہ ویلفیئر سے ادا کی جا رہی ہیں۔آئی جی پولیس پنجاب کے مطابق کورونا کی وبا پر قابو پانے کیلئے دو سرکا ر ی محکمے سب سے زیادہ متحرک اور میدان میں ہیں۔ ان میں سے ایک محکمہ صحت جسکا عملہ براہ راست مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہے، جبکہ دوسرا محکمہ پولیس ہے جو متاثرین کی تعداد کم سے کم رکھنے میں حکومتی پالیسی پر عملدرآمد کیلئے فعال ہے۔ملک بھر سے سامنے آنیوالے اعداد و شمار کے مطابق پولیس اہلکار وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جن کی تعداد کسی بھی دوسرے سرکاری محکمے سے زیادہ ہے، چاہے وہ محکمہ صحت کا عملہ ہی کیوں نہ ہو۔سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کورونا وباء میں فرنٹ لا ئن سولجر ہے،اور تمام محکموں میں سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے لیکن ہر قسم کے حالات کو پسے پشت ڈالتے ہوئے شہریوں کی سکیورٹی اور سیفٹی کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔ لاہور پولیس کے5 اہلکار کورونا وباء سے شہید ہوئے، ان کا مزید کہنا تھا لاہور پولیس اہلکار سمارٹ لاک ڈاون میں چاق وچوبند کھڑے ہیں۔ ناکوں، قرنطینہ سنٹرز، پولیس دفاتر میں اور تھانوں میں پبلک ڈیلنگ، سیل شدہ علاقوں، لاک ڈاؤن ایریاز اور ہسپتالوں میں فرائض کی بجاآوری کے دوران اہلکار متاثر ہوئے۔ کورونا کیخلاف لاہور پولیس کے اہلکاروں کے حوصلے بلند ہیں۔ سربراہ لاہور پولیس کا کہنا تھا کورونا وباء کا خطرہ کم نہیں ہوا، ابھی احتیاط برتنا ہوگی۔ ڈی آئی جی آپریشن لاہوراشفاق احمد خان کے مطابق زیادہ تر اہلکار قرنطینہ مراکز کے باہر، ہسپتالوں اور کورونا سے متاثرہ سیل کیے گئے علاقوں میں تعینات تھے۔ کورونا وباء سے لاہور میں 427 اہلکار متاثر،330 اہلکاروں و افسران نے صحتیاب ہوکر دوبارہ ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں،92 اہلکار و افسران قرنطینہ میں ہیں،شہریوں کورونا وباء کے تدارک کیلئے لاہور پولیس کا ساتھ دینا چاہیے۔

پنجاب پولیس

مزید :

صفحہ آخر -