نا اہل قیادت مسلط کرنے کی سزا عوام بھگت رہے ہیں: کامران بنگش

نا اہل قیادت مسلط کرنے کی سزا عوام بھگت رہے ہیں: کامران بنگش

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن)ضلع غربی حلقہ شہباز شریفNA-249 میں معروف لیگی رہنما ضلع غربی بلدیہ ٹاؤن PS-115کے جنرل سیکرٹری فیصل جان گجر نے سابق وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا،جس سے خطاب کرتے ہوئے کامران مائیکل نے کہا کہ پچھلی بار عوام کے حقیقی نمائندوں کو اسمبلی میں جانے سے روکا گیا اور نااہل قیادت مسلط کردی گئی جس کی سزا آج عوام بھگت رہے ہیں اور مسلم لیگی قیادت کو یاد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کا وقت پورا ہوچکا ہے۔ سینئر نائب صدر سندھ علی اکبر گجر نے کہا کہ آج کارخانے بند ہیں بے روزگاری عروج پر ہے حکومت نے آٹا، چینی، پیٹرول مافیا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ بجلی اور پانی کی عدم دستیابی نے عوام کا سانس لینا بھی مشکل کردیا ہے لوگ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو یاد کررہے ہیں جو جلد آئے اور عوام کو دکھوں، پریشانیوں سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن بوتل سے باہر نکل چکا ہے معیشت تباہی کا شکار ہوچکی ہے۔ جنرل سیکرٹری کراچی ڈویژن ناصر الدین محمود نے کہا کہ آج عوام کی نظریں نواز شریف اور شہباز شریف پر لگی ہوئی ہیں وہ چاہتے ہیں کہ جلد سے جلد اس حکومت سے نجات حاصل ہو۔انہو ں نے مزید کہا کہ نااہل حکمرانوں نے پاکستان کی ترقی کرتی ہوئی معیشت کو دو سال میں مکمل تباہ کردیا ہے آج پاکستان میں مہنگائی بے روزگاری اور غربت اپنے عروج پر ہے عوام اگلے الیکشن میں PTI کو عبرت ناک شکست سے دوچار کریں گے۔ میزبان PS-115 کے جنرل سیکرٹری فیصل جان گجر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر شہباز شریف سیکریٹریٹ کے انچارج خواجہ غلام شعیب، ضلع ویسٹ کے صدر حاجی صالحین تنولی، غلام مصطفی ایڈوکیٹ، دلاور جدون، حبیب الرحمن، راجہ منشا، دین محمد لغاری، PS-115کے صدر نوشاد تنولی، ڈاکٹر مخدوم حق نواز قریشی، واحد آرائیں، ذیشان راجپوت، اکرم اعوان، کرامت چوہان،ساجد شاہ، دلدار احمد کھوکھر، ملک اصغر، میاں خالد، آصف ایم عنایت، منگل حسین بٹ، مشتاق سواتی ودیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ آخر -