وزیراعلٰی پنجاب کا تربت میں 100بستروں پر مشتمل ہسپتال، تفتان میں کمیونٹی سنٹر بنانے کا اعلان
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بلوچستان کے دورے کے دوران انتہائی مصروف دن گزارا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کوئٹہ میں تحریک انصاف کے عہدیداروں سے ملاقات کی - بعد ازاں وزیر اعلی عثمان بزدار گورنر ہاؤس بلوچستان گئے اور گورنر پلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی سے ملاقات کی -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پشین اور لورالائی کا بھی دورہ کیا- وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان بھی پشین کے دورے کے دوران وزیر اعلی عثمان بزدار کے ہمراہ تھے-وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کوئٹہ سے پشین پہنچے-وزیر اعلی عثمان بزدارنے پشین میں قبائلی عمائدین سے ملاقات کی-وزیر اعلی عثمان بزدارنے پشین میں قبائلی عمائدین سے خطاب کے دوران بلوچستان کے عوام کیلئے بڑا اعلان کیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کی جانب سے تربت میں 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سنٹر کے قیام کا اعلان کیا اور دونوں منصوبوں کے لئے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کو ایک ارب روپے کا چیک دیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب تربت میں 100بیڈ کا ہسپتال تعمیر کرے گی جبکہ تفتان میں زائرین کیلئے کمیونٹی سینٹربھی بنائیں گے-تربت کا ہسپتال اور تفتان کا کمیونٹی سینٹر صوبائی ہم آہنگی اورباہمی محبت کا نشان بنے گا-ہم ایک ہیں اورایک رہیں گے،نفرتیں پھیلانے والے ناکام رہیں گے -ہم خالی نعرے نہیں لگاتے بلکہ عملی طور پر کام کر کے دکھاتے ہیں - بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے -بلوچستان آکر کبھی اجنبیت کا احساس نہیں ہو تا- آئندہ بھی بلوچستان آؤں گا-انہوں نے کہا کہ تربت میں ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سنٹر کے منصوبے پنجاب کے عوام کی طرف سے بلوچ بہن بھائیوں کے لئے تحفہ ہیں - حکومت پنجاب بلوچستان کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے متعدد پرا جیکٹ لارہی ہے -عثما ن بزدار سے کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں ظہور آغااور سردار خادم وردگ کی قیادت میں پارٹی عہدیداروں کے وفدنے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی و پارٹی امور، سیاسی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت کی گئی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے پارٹی عہدیداروں کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی -بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا- عثمان بزدارنے گورنرہاؤس بلوچستان میں گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا- گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزداربلوچستان اورپنجاب کے عوام کو قریب لانے کیلئے قابل تحسین کردارادا کررہے ہیں اوروزیراعلیٰ عثمان بزدارکا لوگوں سے ملکر مسائل حل کرنے کا جذبہ قابل تقلید ہے-انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اورتعاون کو مزید بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب اوربلوچستان کے عوام ایک دوسرے سے محبت کا جذبہ رکھتے ہیں -بلوچستان آکر بہت خوشی ہوتی ہے،ہمیشہ یہاں سے محبت ہی ملی-عثمان بزدار کوئٹہ اور پشین کے بعد لورالائی پہنچے- بلوچستان کے صوبائی وزراء اورعمائدین نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا خیر مقدم کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے قبائلی عمائدین،معززین اورلورالائی میں مقیم پنجاب کے شہریوں نے ملاقاتیں کیں - وزیراعلیٰ نے پنجاب کے شہریوں کو حکومت بلوچستان کے تعاون سے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان سے تجارتی تعاون کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے-بلوچستان میں موجود معدنیات اس علاقے کی قسمت بدل سکتی ہیں -ترقی کیلئے امن وآشتی بنیادی ضرورت ہے،امن ہوگا تو ترقی آئے گی -بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں -
عثمان بزدار