کورونا سے مزید 48اموات، 2193نئے مریض رپورٹ، صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن مزید ایک ماہ کیلئے بڑھا دیا گیا

  کورونا سے مزید 48اموات، 2193نئے مریض رپورٹ، صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن مزید ایک ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں حالیہ کچھ دنوں سے کورونا وائرس کی صورتحال میں قدرے بہتری دیکھی جارہی ہے اور کیسز کی تعداد گزشتہ اعداد و شمار کے مقابلے میں کم ہورہی ہے۔ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار 401 جبکہ اموات 5 ہزار 465 تک پہنچ گئی ہے تاہم ان کیسز میں سے ایک لاکھ 78 ہزار 737 لوگ صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔گزشتہ روز16 جولائی کو ملک میں کورونا وائرس کے 2193 نئے کیسز اور 48 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی مزید 5 ہزار 927 کا اضافہ ہوا۔جمعرات کے روز ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیس اور اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1155 نئے کیسز اور 34 اموات کا اضافہ سامنے آیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1155 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی، جس سے مجموعی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار 68 ہوگئی۔ مزید 34 افرادکے زندگی کی بازی ہار نے سے مجموعی اموات کی تعداد 1922 تک پہنچ گئی۔صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 494 نئے کیسز اور 8 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا۔سرکاری اعداد و شمار کیلئے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 494 افرادمیں کورونا کی تشخیص ہوئی، یوں مجموعی کیسز کی تعداد 88 ہزار 539 تک پہنچ گئی جبکہ 8 افراد کا انتقال ہوا جس کے بعد پنجاب میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 51 ہوگئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 87 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد جان سے گیا۔87 افراد کے متاثر ہونے سے اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 14 ہزار 402 تک پہنچ گئی جبکہ ایک فرد کے انتقال کرنے سے وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے ہوئی اموات کی تعداد 156 ہوگئی۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 269 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 486 ہوگئی جبکہ 4 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد جاں بحق مریضوں کی تعداد 1124 ہوگئی۔محکمہ صحت بلوچستان کی وبا سے متعلق صورتحال کی یومیہ رپورٹ میں وائرس کے مزید 63 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی گئی۔اس اضافے کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی تعداد 11 ہزار 385 ہوگئی۔بلوچستان میں مزید ایک مریض دم توڑ گیا جس کے بعد اموات بڑھ کر 128 ہوگئی ہیں۔ملک کے دیگر حصوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے برعکس آزاد کشمیر میں تعداد میں اضافہ دیکھا گیا اور وہاں کیسز گلگت بلتستان سے زیادہ ہوگئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 83 مزید کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1771 تک پہنچ گئی۔آزاد کشمیر میں کیسز زیادہ ہونے کے بعد گلگت بلتستان ملک کا سب سے کم متاثر علاقہ بن گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 42 نئے کیسز آئے جس سے مجموعی تعداد 1750 تک پہنچ گئی۔دوسری طرف سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 5 ہزار 927 افراد نے کورونا وائرس سے شفا حاصل کرلی۔اس طرح ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 78 ہزار 737 تک پہنچ گئی۔ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 10 ہزار 68 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 88 ہزار 539 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 31 ہزار 486 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 385 ہے۔علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 402، گلگت بلتستان میں 1750 اور آزاد کشمیر 1771 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔دوسری طرف کورونا کی صورتحال کے پیش نظر حکو مت سندھ نے لاک ڈاؤن میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے لاک ڈان میں ایک ماہ کی توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ لاک ڈاون میں 15 اگست تک کی توسیع کی گئی ہے، یکم جولائی کو لگائی گئی پابندیاں 15 اگست تک برقرار رہیں گی۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق عوامی مقامات، پارکس اور سنیما ہالزکو مزید ایک ماہ کیلئے بند رکھا جائے گا جبکہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی 15 اگست تک بند رہے گی۔

کورونا اموات

مزید :

صفحہ اول -