عوام کو باخبر رکھنے میں کیبل آپریٹرز کا کردار ہے،گورنرسندھ

عوام کو باخبر رکھنے میں کیبل آپریٹرز کا کردار ہے،گورنرسندھ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عوام کو باخبر رکھنے،تفریح فراہم کرنے میں کیبل آپریٹرز کا کردار ہے۔جمعرات کوخالد آرائیں کی سربراہی میں کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنرسندھ عمران اسماعیل سے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر اورپی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی بھی موجود تھے۔ملاقات میں کیبل آپریٹرز کے مسائل،کے الیکٹرک معاملات ودیگر امور سمیت کیبلزگراؤنڈ کرنے،ایس او پیزکی تیاری،باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے بتایا کہ کے الیکٹرک سے معاہدہ ہوا ہے پولز پر موجود کیبل نہیں کاٹے جائیں گے،ان پولز پر موجود کیبلز کو بتدریج انڈرگراؤنڈ کر دیا جائیگا۔وفد نے بتایا کہ گزشتہ 30 دن میں 30 کلو میٹر کیبلز انڈرگراؤنڈ کیے گئے، کیبل کے لیے کھودی جانے والی سڑکوں کی استرکاری بھی کریں گے۔اس موقع پر گورنر سندھ نے کہاکہ کیبل آپریٹرز اور کے الیکٹرک کے مابین معاہدہ خوش آئند ہے،بات چیت کے ذریعے مشکل سے مشکل مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر کسی کو کراچی کے شہریوں کے مفاد کو فوقیت دینی چاہیے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ عوام کو باخبر رکھنے،تفریح فراہم کرنے میں کیبل آپریٹرز کا کردار ہے۔اس موقع پرمیئر کراچی وسیم اخترنے کہاکہ شہرکی خوبصورتی میں تاروں کا بے ہنگم جال رکاوٹ ہے،کیبل انڈرگراؤنڈ کرنے کی این او سی دینے کے لیے تیار ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -