ملک میں کورونا سے مزید 50اموات، 1861نئے مریض رپورٹ، صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤ ن مزید ایک ماہ کیلئے بڑھا دیا گیا
اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد، گلگت بلتستان (سٹاف رپورٹرز، نیوز ایجنسیاں)ملک میں کورونا سے مزید 50 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 5477 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 259069 تک جاپہنچی۔اب تک پنجاب میں 2068، سندھ میں 1888 اور خیبر پختونخوا میں 1120 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں 156، بلوچستان میں 127، آزاد کشمیر میں 46 اور گلگت بلتستان میں 38 افراد کا انتقال ہوا ہے۔ملک بھر سے بروز جمعرات کورونا کے مزید 1861 کیسز اور 26 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن میں سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1155 نئے کیسز اور 34 اموات کا اضافہ سامنے آیا پنجاب سے 494 کیسز 25 ہلاکتیں، اسلام آباد 87 کیسز ایک ہلاکت، گلگت 42 کیسز اور آزاد کشمیر سے 83 کیسز سامنے آئے۔پنجاب سے کورونا کے 494 کیسز اور 25 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے کی جانب سے کی گئی۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی کْل تعداد 88539 اور ہلاکتیں 2068 ہوچکی ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا کے 64247 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 87 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 14402 اور ہلاکتیں 156 ہوگئی ہیں۔اس کے علاوہ شہر میں کورونا سے صحتیاب ہونیوالوں کی تعداد 11486 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان سے کورونا کے مزید 42 کیسز سامنے آئے۔پورٹل کے مطابق گلگت میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 1750 ہوگئی جبکہ وہاں اموات کی تعداد 38 ہے۔گلگت میں کورونا سے صحتیاب ہونیوالوں کی تعداد 1389 ہے۔آزاد کشمیر سے کورونا کے مزید 83 کیسز سامنے آئے۔آزاد کشمیر میں اب تک مجموعی طور پر 1771 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وہاں اموات کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔آزاد کشمیر میں اب تک کورونا سے1061 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1155 نئے کیسز اور 34 اموات کا اضافہ سامنے آیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1155 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی، جس سے مجموعی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار 68 ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 34 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں مجموعی اموات کی تعداد 1922 تک پہنچ گئی۔دوسری طرف کورونا کی صورتحال کے پیش نظر حکو مت سندھ نے لاک ڈاؤن میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے لاک ڈان میں ایک ماہ کی توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاون میں 15 اگست تک کی توسیع کی گئی ہے، یکم جولائی کو لگائی گئی پابندیاں 15 اگست تک برقرار رہیں گی۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق عوامی مقامات، پارکس اور سنیما ہالزکو مزید ایک ماہ کیلئے بند رکھا جائے گا جبکہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی 15 اگست تک بند رہے گی۔
کورونا اموات