صوبے میں کورونا سے صحت یابی کی شرح 71فیصد تک پہنچ گئی: کامران بنگش  

صوبے میں کورونا سے صحت یابی کی شرح 71فیصد تک پہنچ گئی: کامران بنگش  

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  

پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وبلدیات کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے حوالے سے یہ خوش آئند بات ہے کہ صوبے میں کورونا وباء سے صحت یابی کی شرح ابتداء میں 20فیصدتھی الحمدا للہ اب یہ شرح 71فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ دوسری جانب روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے ٹیسٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 25 فیصد سے کم ہوکر 15 فیصد ہوگئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز چند مہینے پہلے تیزی سے بڑھ رہے تھے اب حکومت خیبر پختونخوا کے مثبت اقدامات،محکمہ صحت اور عوام کے تعاون کی بدولت اس پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور آئے روز کورونا مریضوں میں کمی آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے دس لاکھ آبادی پر مشتمل علاقوں میں پانچ ہزار ٹیسٹ کئے ہیں اور بروقت کورونا کے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔کامران بنگش نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پوری قوم نے جس طرح کورونا وباء کا مقابلہ کیا وہ لائق تحسین ہے اور پوری قوم تعریف کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز،ّ نرسز اور پیرامیڈکس سٹا ف کورونا وباء کی روک تھام میں ہمارے فرنٹ لائن ہیرو ز ہیں جو اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور کووڈ کے حوالے سے وزیر اعظم کے فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان نے خیبر پختونخوا حکومت کے مثبت اقدامات کو سراہا ہے اور اب تک کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے 1700کی جو ہیلپ لائن شروع کی ہے اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے عوام کی ایک بڑی تعداد نہ صرف کووڈ 19کے حوالے سے آگاہی اور مدد لے رہی ہے بلکہ دیگر مسائل پر بھی رہنمائی حاصل کر رہی ہے۔ کامران بنگش نے کہا کہ مذکورہ ہیلپ لائن سروس کے ذریعے اپریل 2020سے اب تک دو لاکھ 74ہزار 1284کالز موصول ہوئی ہیں جن میں ایک لاکھ 36ہزار 239افراد نے کورونا سے متعلق معلومات اور مدد لی ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین خیبر پختونخوا کے حوالے سے منفی تاثرات پھیلارہے ہیں لیکن اس سلسلے میں عوام حکومت کے مثبت اور مخلصانہ اقدامات سے آگاہ ہے، وزیر اعلیٰ محمود خان کورونا کے حوالے سے تمام تر اقدامات خود مانیٹر کر رہے ہیں اور اس ضمن میں وزیر اعلیٰ معمولی کوتاہی بھی برداشت نہیں کر رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ کورونا وباء ابھی ختم نہیں ہوئی اور ابھی اس کے وار جاری ہیں، عید الاضحی کے دوران سماجی دوری اختیار کریں ایسا نہ ہوکہ ہماری محنت اور آپ کی احتیاط ضائع ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو تحفظ دینے کی خاطر مخصوص ہاٹ سپاٹس کو ایک حکمت عملی کے تحت بند کیا۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے اچھے نتائج آئے ہیں اور کورونا پر قابو پانے کے لئے سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی موثر ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صوبہ بھر میں اٹھارہ مختلف علاقو ں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا۔ کامران بنگش نے کہا کہ اب تک صوبہ بھر میں 144متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ ہوا اور ان علاقوں میں متاثرہ افراد کی تعدا دتین لاکھ 78ہزار687ہے اور ان میں تین ہزار 614گھروں کو آئسو لیٹ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ، ایکسائز، ریلیف اور لوکل گورنمنٹ کے محکموں نے بھر پور کردار ادا کیااسی طرح محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے بھی عوام کی آگاہی کے لئے دن رات کام کیا اور حکومت خیبر پختونخوا محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اورمحکمہ کو جدید ٹیکنالوجی اورملازمین کو ٹریننگ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے جمعرات کو محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کا دورہ کیا جہاں معاون خصوصی کو سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان اور ڈائریکٹر جنرل امداد اللہ نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں محکمہ اطلاعات کے فنکشنز، پریس کلبز کے لئے گرانٹس، اشتہارات، ریجنل انفارمیشن دفاتر سمیت دیگر اہم امور پر معاون اطلاعات کو آگاہ کیا گیا۔معاون اطلاعات کامران بنگش کو آگاہ کیا گیا کہ اس وقت آٹھ ریجنل دفاتر، کمیونیکیشن سیل، اطلاع سیل اور پانچ ریڈیو سٹیشنز صوبے کی مختلف ریجن میں عوام کو بروقت اور درست مواد پہنچا رہے ہیں۔ اس موقع پر میڈیا کالونی سمیت صحافیوں کے لئے اٹھائے دیگر فلاحی اقدامات بھی زیربحث آئے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش کو بتایا گیا کہ اس وقت تین درجن سے زیادہ ٹی وی چینلز، اخبارات اور سوشل میڈیا کو جدید اور سائنسی خطوط پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ جبکہ ہر محکمہ کو روزانہ کی بنیاد پر خبروں کی تفصیلی رپورٹ بھجوائی جاتی ہے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے اس موقع پر محکمہ اطلاعات و تعلقات عا مہ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور عوام دونوں کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس کو درپیش تمام چیلنجز پر قابو پانے کے لئے تمام دستیاب وسائل برو ئے کار لائے جائیں گے۔ عوام تک درست اور بروقت خبریں پہنچانے کے لئے محکمہ اطلاعات کا کردار بہترین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ایمرجنسی کے دوران محکمہ اطلاعات نے فرنٹ لائن پر بہترین ذمہ داری سرانجام دی جو قابل تعریف ہے۔ عیدالاضحٰی پر کورونا سے بچاوٗ کی حفاظتی اقدامات اور تدابیر کے متعلق آگہی پیدا کرنے کے حوالے سے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ پختونخوا ریڈیو کے ذریعے عوام میں آگہی اور شعور اجاگر کرنے کے لئے خصوصی آڈیو مواد تیار کی جائیں جس میں انٹی کورونا کے ساتھ ساتھ صفائی اور صحت مندانہ ماحول برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہو۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے مختلف سیکشنز کا دورہ بھی کیا۔

مزید :

صفحہ اول -