دیا مر بھا شا ڈیم کی تعمیر سے توانائی، پانی کی کمی دور کرنے میں مدد ملے گی: علی امین گنڈا پور
اسلام آباد (آئی ا ین پی) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے گلگت بلتستان میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیرکے آغاز ایک کوبہت بڑی کامیابی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان میں توانائی اور پانی کی کمی کے مسائل کو حل کرنے میں بے پناہ مددملے گی۔ انہوں نے کہاکہ دہائیوں سے التوا کاشکار رہنے والے قومی اہمیت کے اس منصوبے کے تعمیراتی کام کاآغاز موجودہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے اوریہ کامیابی موجودہ حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کے اُس وژن کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت ملک کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور مسائل کے حل کو ترجیج دی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ قومی اہمیت کے اس منصوبے کے ماضی میں کئی بار افتتاح کیے گئے لیکن بالآخر حقیقی تعمیراتی کام کے آغاز کا سہرا موجودہ حکومت کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ مہمند ڈیم، داسو ڈیم اور دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے پاکستان میں توانائی اور پانی کے مسائل کوکافی حد تک حل کرلیا جائیگا جس کے پاکستان کی معیشت خصوصی طورپر زراعت اور انڈسڑی پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک میں سستی بجلی کی فراہمی کو ترجیج دے رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں میں اربوں ڈالرز مالیت کے کوہالہ پاورپروجیکٹ اور آزادپتن پاور پروجیکٹ پر بھی بڑی پیش رفت کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان تمام منصوبوں سے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے اور ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت معیشت مضبوط ہو گی۔
علی امین گنڈا پور