سرفراز احمد سے کپتانی ’چھین‘ لی گئی

سرفراز احمد سے کپتانی ’چھین‘ لی گئی
سرفراز احمد سے کپتانی ’چھین‘ لی گئی

  

ڈربی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے امیدوار صلاحیتوں کا اظہار کرنے کیلئے تیار ہیں اور اس سلسلے میں ڈربی میں پہلا 4روزہ انٹراسکواڈ میچ آج سے شروع ہو گا تاہم سرفراز احمد اس مرتبہ پریکٹس میچ میں بھی ٹیم کی قیادت سے محروم ہو گئے ہیں کیونکہ اظہر علی کے علاوہ بابراعظم کو کپتانی سونپے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سکواڈ میں شامل کرکٹرز نے ووسٹر میں قرنطینہ مکمل کرنے کے ساتھ ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری رکھا جس دوران 2 انٹرا سکواڈ پریکٹس میچز بھی کھیلے گئے، دوسرے میچ میں ایک ٹیم کی قیادت اظہر علی نے کی تو دوسری ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کے سپرد کی گئی تھی۔ ڈربی میں ایک دن آرام اور2 روز مشقوں کے بعد آج پہلا چار روزہ انٹرا سکواڈ مقابلہ ہو گا، اظہر علی اور بابر اعظم ممکنہ طور پر قیادت کریں گے، اس بار 4روزہ میچ ہونے کی وجہ سے بیٹسمینوں اور باﺅلرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا زیادہ موقع ملے گا، ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے امیدواروں کی پوری کوشش ہوگی کہ اپنی فارم اور فٹنس سے متاثر کرتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ کی توجہ حاصل کریں۔

گزشتہ میچز کے دوران فاسٹ باﺅلرز میں سے شاہین شاہ آفریدی بہتر فارم میں نظر آئے تھے، اس بار دیگر بھی انگلش کنڈیشنز کا مناسب استعمال کرنے کیلئے کوشاں ہوں گے۔ دریں اثناءگزشتہ روز بھی مہمان کرکٹرز نے صبح اور سہ پہر کے 2الگ سیشنز میں مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا، چند بیٹسمینوں کو پہلے دیگر کو دوسرے مرحلے میں نیٹ میں موقع دیا گیا، عابد علی، شان مسعود، اظہر علی اور بابر اعظم نے طویل سیشن کئے جبکہ دیگر بھی اپنی باری پر نیٹ میں آئے۔

یونس خان بڑی باریک بینی سے کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے خامیوں کی نشاندہی کرتے رہے، باﺅلرز میں وقار یونس نے نسیم شاہ کو لینتھ بہتر بنانے کیلئے خصوصی مشورے دئیے،نوجوان فاسٹ باﺅلر نے باﺅنسرز بھی کئے، شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض اور دیگر فاسٹ باﺅلرز بھی صلاحیتیں نکھارنے کیلئے کوشاں رہے، بیٹنگ اور باﺅلنگ کے ساتھ فیلڈنگ کی مشقیں بھی جاری رہیں۔

مزید :

کھیل -