کمپیوٹر کی بورڈ پر Fاور J ذرا سے ابھرے کیوں ہوتے ہیں؟ موبائل کیمرہ کے ساتھ یہ چھوٹا سا سوراخ کیا ہوتا ہے؟ جانئے وہ باتیں جو آپ کو آج تک کسی نے نہیں بتائیں

کمپیوٹر کی بورڈ پر Fاور J ذرا سے ابھرے کیوں ہوتے ہیں؟ موبائل کیمرہ کے ساتھ یہ ...
کمپیوٹر کی بورڈ پر Fاور J ذرا سے ابھرے کیوں ہوتے ہیں؟ موبائل کیمرہ کے ساتھ یہ چھوٹا سا سوراخ کیا ہوتا ہے؟ جانئے وہ باتیں جو آپ کو آج تک کسی نے نہیں بتائیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) عام زندگی میں ہم کچھ ایسی معمولی سی چیزیں دیکھتے ہیں جن کی بہت اہمیت ہوتی ہے لیکن اکثر لوگ ان کے استعمال یا فائدے سے آگاہ نہیں ہوتے۔ آج اس رپورٹ میں ہم کچھ ایسی ہی چیزوں کا ذکر کرنے جا رہی ہیں:۔

کمپیوٹر کی بورڈ پر جے اور ایف کے بٹنوں پر ابھار
کمپیوٹر کی بورڈ کے جے (J)اور ایف (F) کے بٹنوں پر ابھار اس لیے بنائے جاتے ہیں تاکہ لوگ کی بورڈ کی طرف دیکھے بغیر اس پر درست انگلیاں رکھ سکیں۔ جب کمپیوٹر استعمال کرنے والا اپنی دونوں شہادت کی انگلیاں ان دو بٹنوں پر درست رکھ لیتا ہے تو باقی انگلیاں خود بخود درست بٹنوں پر چلی جاتی ہیں۔ یوں کی بورڈ کو دیکھے بغیر اسے درستگی کے ساتھ آپریٹ کیا جا سکتا ہے۔

فون کی پشت پر کیمرے کے ساتھ ایک سوراخ
فون کے کیمرے اور فلیش کے درمیان موجود یہ سوراخ دیکھا تو سبھی نے ہو گا لیکن بہت کم لوگ اس کی حقیقت سے آگاہ ہوں گے۔ یہ سوراخ دراصل فون کی پشت پر لگا ایک مائیکروفون ہوتا ہے۔ موبائل استعمال کرنے والے کی آواز کے لیے تو نیچے کی طرف ایک مائیکروفون ہوتا ہے۔ اس پشت پر لگے مائیکروفون کا کام ماحول کی آوازیں ریکارڈ کرنا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ جب آپ ویڈیو کال کرتے ہیں یا آواز اوپن سپیکر پر کرکے بات کرتے ہیں تو آپ کا مائیک منہ سے دور چلا جاتا ہے۔ یہ مائیک ماحول کی آوازوں کو آپ کی آواز سے الگ کرتا ہے اور دوسری طرف موجود شخص کو آپ کی آواز صاف اور واضح سنائی دیتی ہے۔

اریزر کے ایک سرے کا نیلا ہونا
بچپن سے ہم دیکھتے آ رہے ہیں کہ کچی پنسل کا لکھا ہوا مٹانے کے لیے استعمال ہونے والے ربڑ کا ایک سرا نیلا ہوتا ہے اور اس کے ذریعے کاغذ پر لکھا مٹتا بھی نہیں ہے۔ اس نیلے حصے کا اصل مقصد دیوار یا کسی اور سخت سطح پر لکھا ہوا مٹانا ہے۔ ربڑ کا جو سرخ حصہ ہوتا ہے وہ کاغذ پر لکھا ہوا مٹانے کے لیے ہوتا ہے۔

ایئرفونز میں اضافی سوراخ
آپ نے مشاہدہ کیاہوگا کہ ایئرفونز پر سپیکر کے سوراخوں کے علاوہ بھی چھوٹے چھوٹے سوراخ ہوتے ہیں۔ بعض میں ایک ایئرفون پر ایک اور بعض میں دو ہوتے ہیں۔ ان اضافی سوراخوں کا مقصد سپیکر تک ہوا کی رسائی آسان بنانا ہوتا ہے، تاکہ سپیکر کے پردوں کو آگے پیچھے ہلنے میں آسانی رہے اور آواز کی کوالٹی متاثر نہ ہو۔

گاڑی کی سیٹ کے اوپر لگا ہیڈ ریسٹ
گاڑیوں کی سیٹ کے ہیڈریسٹ کا ایک مقصد تو یہ ہے کہ آپ اس پر آرام سے سر رکھ سکتے ہیں لیکن اس کا ایک مصرف یہ بھی ہے کہ خدانخواستہ کہیں آپ کی گاڑی گہرے پانی میں گر جائے اورونڈو کا شیشہ توڑ نے کے لیے آپ کے پاس کوئی سخت چیز نہ ہو تو آپ اس ہیڈریسٹ کو نکال کر اس کے دھاتی حصے کی ضرب لگا کر ونڈو کا شیشہ توڑ سکتے ہیں اور باہر نکل کر اپنی جان بچا سکتے ہیں۔

جینز کی پینٹ پر ایک چھوٹی جیب
جینز کی پینٹ پر ایک چھوٹی سی جیب بھی لگی ہوتی ہے جس کا مصرف بہت سوں کو معلوم نہیں ہوتا۔ دراصل 19ویں صدی میں جب جینز ایجاد ہوئی تو یہ جیب مغربی ممالک کے کان کنوں اور چرواہوں کی سہولت کے لیے لگائی گئی تھی تاکہ وہ اس میں گھڑی جیسی چھوٹی موٹی چیزیں رکھ سکیں جو بار بار نکالنی اور واپس رکھنی پڑتی ہیں۔

پنسل کے ڈھکن کے اوپری حصے میں سوراخ
آپ نے یہ بھی دیکھا ہو گا کہ زیادہ تر پنسلوں کی کیپ کے اوپری حصے میں سوراخ ہوتے ہیں۔ اس کے متعلق لوگ یہ قیافہ لگاتے ہیں کہ یہ پنسل کو خشک ہونے سے بچانے کے لیے بنائے جاتے ہیں لیکن اس کا اصل مقصد اور ہے۔ دراصل اس کا مقصد یہ ہے کہ اگر کوئی بچہ غلطی سے یہ کیپ نگل لے تو اس کا سانس یکسر بند نہ ہو اور وہ ان سوراخوں کے ذریعے سانس لے سکے اور اسے طبی امداد ملنے تک کا وقت میسر آ سکے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -