سیپک ٹاکرا کو ایشین انڈور گیمز میں شامل کر لیا گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سیپک ٹاکرا کو ایشین انڈور گیمز میں شامل کرلیا گیا ہے جو 22 سے 29 مئی 2021 ءکو تھائی لینڈ میں ہوں گے اور پاکستانیوں کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ ان مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے پاکستانی ٹیم بھی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری اور ایشین سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر عبدالحلیم بن کادر نے پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر سعد عثمانی اور دیگر ممبرز ممالک کے صدور کو بذریعہ خط مطلع کیا کہ سیپک ٹاکرا کے کھیل کو ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹ گیمز میں شامل کرلیا گیا ہے جوکہ تھائی لینڈ میں 22 سے 29 مئی 2021 کو منعقد ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ایشین انڈور گیمز سیپک ٹاکرا میں11 ایونٹ کھیلے جائیں گے جبکہ اس سے پہلے 6 ایونٹ ہوا کرتے تھے۔ پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر سعد عثمانی، سیکرٹری جنرل نوشاد احمد خان، سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد عارف حفیظ، ہیڈ کوچ شبیر احمد، عارف وحید خان (سندھ)، سردار محمد خان ( بلوچستان )، عامر لطیف (پنجاب) اور دیگر ممبران نے انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر اور تھائی لینڈ اولمپک کے سیکرٹری جنرل چارخ اریرا چارن اور عبدالحلیم بن کادر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے اور ان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نوشاد احمد خان نے کہا کہ پاکستان سیپک ٹاکرا کی ٹیم پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر سرپرستی ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹ گیمز میں ضرور شرکت کرے گی۔ سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد عارف حفیظ نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم 2018ءمیں انڈونیشیا میں ہونے والے ایشین گیمز میں بھی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی بدولت شرکت کرچکی ہے، جوکہ ہمارے لئے ایک اعزاز ہے۔