کورونا وباءکے پیش نظر پی ایس ایل میں بڑی تبدیلی پر غور شروع
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا وبا کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انشورنس پالیسی میں ردوبدل پر غور شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وبا کے باعث پی ایس ایل فائیو کے غیر نتیجہ ہونے پر پی سی بی آئندہ سیزن کیلئے انشورنش پالیسی میں تبدیلی کا سوچ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل انشورنس پالیسی میں وبائی امراض کی شق شامل نہیں تھی تاہم اب انشورنس پالیسی میں وبائی امراض کی شق بھی شامل کی جائےگی۔لیگ کاکوئی میچ وبائی مرض کی وجہ سے ملتوی ہوا تو انشورنس کلیم ہوسکے گا، نئی انشورنس پالیسی کااطلاق پی ایس ایل کے چھٹے سیزن سے پہلے ہونےکا امکان ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 2020 کے 10 میچز کی ٹکٹوں کی واپسی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔پی سی بی نے پی ایس ایل فائیو کے دس میچز کی ٹکٹوں کی واپسی کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق پہلا مرحلہ 13 جولائی سے 5 اگست اور دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک جاری رہے گا۔ پی سی بی حکام کے مطابق بارش اور کورونا کے باعث شیڈول تبدیل ہونے والے میچز کے ٹکٹ ری فنڈ ہوں گے۔