پاکستان کورونا وائرس سے کب نجات پائے گا؟وزیر اعظم عمران خان نے بڑی خوشخبری سنا دی

پاکستان کورونا وائرس سے کب نجات پائے گا؟وزیر اعظم عمران خان نے بڑی خوشخبری ...
پاکستان کورونا وائرس سے کب نجات پائے گا؟وزیر اعظم عمران خان نے بڑی خوشخبری سنا دی

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جنگلات محفوظ نہیں، ہمیں ان کی قدر کرنا ہوگی، نوجوان نسل نہ صرف پودے لگائے بلکہ درختوں کی حفاظت بھی کرے، دنیا میں جو تباہی ہوئی اس کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا سے کم نقصان ہوا ہے، ہمیں عید پر بھی ایس اوپیزاور قواعد و ضوابط پرسختی سے عمل کرنا ہوگا،اگر ہم نے عید پر احتیاط کی تو ہم کورونا وائرس سے نجات پالیں گے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق کہوٹہ میں مون سون شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم عمران خؒان نے کہا کہ طلبہ کو مہم میں حصہ لینے پر ان کے جنون کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، نوجوان اور طلبا پاکستان کا مستقبل ہیں، طلبہ کو ماسک پہنے دیکھ کرخوشی ہوئی کہ ایس اوپیز پرعمل کیا جارہا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کی وجہ سے دنیا میں تباہی ہوئی، اللہ نے کورونا سے متعلق ہم پرخاص کرم کیا ہے، دنیا میں جو تباہی ہوئی اس کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا سے کم نقصان ہوا ہے، ہمیں عید پر بھی ایس اوپیزاور قواعد و ضوابط پرسختی سے عمل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوروناسے متعلق اموات کا گراف نیچے جارہا ہے جبکہ بھارت میں کورونا کی وجہ سے ایک روزمیں 700اموات ہوئیں، کورونا کے باعث جو تباہی دنیامیں آئی پاکستان اس سے بچا ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جنگلات کی قدر نہیں کی گئی، جنگلات کی قدر کی جاتی تو آج پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثر نہ ہوتا، پاکستان میں وقت کے ساتھ جنگلات کے رقبے میں تیزی کے بجائے کمی آئی،1947سے لے کر اب تک ملک میں صرف30نیشنل پارک بنے، پاکستان میں جنگلات محفوظ نہیں، ہمیں ان کی قدر کرنا ہوگی، موجودہ حکومت نے ملک بھر میں 9نیشنل پارک بنائے ہیں،2سال میں ملک بھر میں 30کروڑ پودے لگائے ہیں، ہمارا ہدف ملک بھر میں 10 ارب پودے لگانے کا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان نسل نہ صرف پودے لگائے بلکہ درختوں کی حفاظت بھی کرے، جنگلات کی حفاظت کیلئے نگہبان تعینات کررہے ہیں، ہم نے ملک بھرمیں 10ارب پودے لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں قدرتی ماحول سے متعلق زیادہ شعور ہے،سکولوں میں بچوں کو سرسبز اور صاف ماحول سے متعلق معلومات دینگے، صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ شہروں سے متعلق ماسٹر پلان دیں،شہر پھیلتے جارہے ہیں جس کی وجہ سے سرسبز رقبے کم ہوتے جارہے ہیں،شہروں کے بے ہنگم پھیلا کو روکنا ہوگا، زرعی رقبے پر زیادہ توجہ دینی ہوگی۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -