ساہیوال میں خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکے جانے کے فیصلے پر انتظامیہ حرکت میں آ گئی
ساہیوال (ڈیلی پاکستان آن لائن )ساہیوال کے حلقے پی پی 202میں گاؤں والوں کی جانب سے خواتین کو ووٹ کاسٹ نہ کرانے کا فیصلہ سامنے آنے پر انتظامیہ حرکت میں آگئی ہے ۔
نجی ٹی وی 'سماء"کے مطابق ساہیوال کے حلقے پی پی 202میں گاؤں والوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ خواتین کو ووٹ کاسٹ نہیں کرائیں گے جس کے بعد الیکشن کمیشن ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام گاؤں پہنچ چکے ہیں ، رپورٹ کے مطابق آر پی او ساہیوال بھی گاؤں 10612-ایل میں موجود ہیں ، الیکشن کمیشن کے حکام کی جانب سے مساجد میں اعلان کرائے جا رہے ہیں کہ خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے دیئے جائیں ،آر پی او ساہیوال بھی گاؤں والوں کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے دیا جائے۔
نجی ٹی وی کے مطابق گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ قیام پاکستان سے رواج ہے کہ ہماری خواتین ووٹ کاسٹ نہیں کرتیں یہاں تک کہ ہمارے گاؤں سے بھی کوئی شخص الیکشن میں حصہ لے لیکن ہماری خواتین ووٹ کاسٹ نہیں کرتیں، رپورٹ کے مطابق 2018کے الیکشن میں بھی انتظامیہ نے گاؤں والوں کو منانے کی کوشش کی تھی جس پر گاؤں کے مردوں نے بھی الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا تھا اب بھی گاؤں والوں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اگر زیادہ دباؤ ڈالا گیا تو ہم الیکشن کا ہی بائیکاٹ کر دیں گے ۔