کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں11افراد ہلاک، چار زخمی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) شہربھر میں رات سے لے کر اب تک فائرنگ کے مختلف واقعات میں 11 افراد جان بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق گلستان جوہر میں رابعہ سٹی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہوئے ہیں جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور تاجروں نے دکانیں بند کردی۔پولیس حکام نے بتایا کہ ملیر سے روبینہ نامی خاتون کی لاش گھر میں دفن تھی جس کو اس کے شوہر نے تشدد کے بعد قتل کرکے گھر میں ہی دفنا دیا ، پڑوسیوں کی اطلاع پر پولیس نے لاش کو نکال کرپوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔گڈاپ ٹاون ٹول پلازہ کے قریب واقع ناگوری ٹاﺅن میں ملزمان نے تین افراد کو فائرنگ کر کے مار دیا جبکہ اس واقع میں ہلا ک ہونے والوں کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی۔اس کے علاوہ دو افراد ڈاکس اور کھارادر کے علاقے میں قتل ہوئے ہیں جبکہ ایک شخص بلدیہ ٹاون چاندنی چوک میں ہلاک ہوا ہے،بغدادی تھانے کے نزدیک فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ اسی علاقے سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔اس کے ساتھ درخشاں پولیس نے کارروائی بھی کی اور بنگلے میں داخل ہونے والے چار ڈاکو گرفتار کر لیا گیاہے۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے چارملزموں کے قبضے سے دو دستی بم ، کلاشنکوف کے علاوہ دیگر اسلحہ بھی بر آمدہوا ہے ۔