رکن ممالک مالی میں امن مشن شروع کرنے میں مدد کریں: اقوام متحدہ
نیویارک (اے پی پی)ا قوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے رکن ممالک سے افریقی ملک مالی کے حالات کو معمول پر لانے کے لئے وسیع پیمانے پر امن مشن شروع کرنے میں مدد دینے کی اپیل کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بان کی مون نے اس مشن کے آغاز میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں بتایا اورکہاکہ مالی میں خراب انفراسٹرکچر کی وجہ سے اقوام متحدہ کو مالی امداد کی فراہمی اور تکنیکی ساز و سامان کی رسد میں سب سے بڑی مشکلات ہیں۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق بین الاقوامی مشن یکم جولائی کو مالی میں اپنا کام شروع کرے گا۔ منصوبے کے مطابق اقوام متحدہ کے مشن میں ساڑھے بارہ ہزار سے زیادہ فوجی اور پولیس والے شامل ہوں گے۔ یہ مشن رواں سال کے شروع میں مالی میں بھیجے گئے افریقہ کے بین الاقوامی مشن کی جگہ لے گا۔