حکومت بلوچستان کے سنگین مسئلے پر خصوصی توجہ دے، اعجاز چودھری

حکومت بلوچستان کے سنگین مسئلے پر خصوصی توجہ دے، اعجاز چودھری

                    لاہور( جنرل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری، صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹریاسمین راشداور ساﺅتھ ریجن کے صدر نور خان بھابھہ نے کہاکہ تحریک انصاف نظام کی تبدیلی تک اپنی جدوجہد جاری وساری رکھے گی ، حکومت فوری طور پر بلوچستان کے سنگین مسئلے پر خصوصی توجہ دے اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ٹھو س اقدامات کرے ، مسائل کو طاقت کی بجائے مذاکرات سے حل کیا جائے ، زیارت اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ وہ صوبائی سیکرٹریٹ میں ضلع ملتان اور مظفرگڑھ کے جائزہ اجلاسوں سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ضلعی صدور نے اپنے اپنے اضلاع کی جائزہ رپورٹ پیش کی ، اجلاس میں ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی حکمت عملی پر غور کیا گیا اورتمام ضلعوں میں خواتین کومتحرک اور فعال بنایا جائے گا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئی جس میں قائداعظم محمد جناح کی زیارت میں رہائش گاہ، کوئٹہ بولان کالج اور میڈیکل طالبات کی بس پر ہونے والے دھماکوں کی مذمت کی گئی اور ہلاک ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کی گئی ۔ اجلاس سے اعجا زاحمد چودھری، یاسمین راشد،نور خان بھابھہ اور ندیم قادر بھنڈر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ (ن) لیگ نے اقتدار میں آتے ہی غریب عوام سے انتقام لینا شروع کر دیا ہے ۔ ایک طرف بجٹ میں سیلز ٹیکس لگا کر مہنگائی کو فروغ دیا گیا ہے تو دوسرے ہی دن پٹرولیم او ربجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام پر مہنگائی اور بیروزگاری کا نیا بم برسایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے اقتدار میں آنے سے پہلے جوش میں آکر بہت بڑے بڑے دعوے کئے لیکن آج قوم کو بجلی میسر ہے ‘ پٹرولیم مصنوعات اور نہ ہی دو وقت کی روٹی مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پانچ سالوں میں ملک کا جو حال کیا لگتا ہے کہ موجودہ حکمران ایک سال میں انہیں پیچھے چھوڑ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری اور مہنگائی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور موجودہ مہنگائی کے دور میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میںکیا گیا اضافہ بہت کم ہے اور تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جائے۔ اجلاس میں نومنتخب ایم پی ایز جاویداختر انصاری، ظہیرالدین علیزئی اور اعجاز احمد جنجوعہ ، نواب محمد احمد خان، صفدر جمیل، میاں طارق عبداللہ، ندیم قادر بھنڈر ، ثوبیہ کمال، رانا ندیم احمد، شیخ سعید احمد قریشی، طاہر محمود کھوکھر، محمد ایوب گھلو، خواجہ شفیق، امجد عباس ، ڈاکٹر شاہینہ پرویز، سیدہ نجمہ خاتون، شاہد مصطفےٰ قریشی، ذوالفقار قریشی، ظفر لغاری ، عدنان جمیل، سکندر فیاض سمیت دیگر عہدیداران ،ٹکٹ ہولڈرز ، ٹکٹ ڈرخواست گزار نے شرکت کی۔

مزید : صفحہ آخر