مرحومین کے لئے موم بتیاں کیوں جلائی جاتی ہیں؟

مرحومین کے لئے موم بتیاں کیوں جلائی جاتی ہیں؟
 مرحومین کے لئے موم بتیاں کیوں جلائی جاتی ہیں؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کھڈ کوچہ کاالمناک واقعہ حیرت انگیز تھا کہ اس میں پشتونوں کو ٹارگٹ بنایاگیا اس کی تلخ یادوں کو طویل عرصہ تک بھلایا نہ جاسکے گا۔ اس کے بڑے گہرے گھاؤ ہیں جس نے بھی یہ واردات کی اس کے سامنے نتائج واضح تھے۔ پشتونوں اور بلوچوں کاخونریز تصادم، لیکن یہ مشکل مرحلہ گزرگیا ایک چیز ہمیں بڑا پریشان کرتی ہے اور وہ ہے موم بتیاں جلانا، ہمیں موم بتی جلانے پر کوئی اعتراض نہیں جب بجلی نہ ہو تو موم بتی ہی کام آتی ہے اب وقت نے ترقی کرلی ہے اس لئے ایمرجنسی لائٹ آگئی ہے ،جس سے موم بتی بنانے والوں کا کاروبار دھندلا گیا تھا، لیکن بھلا ہومغرب سے متاثر این جی اوز کا کہ انہوں نے اس کاروبار کوسنبھال لیا ہے جو مختلف مواقع پر حادثات ، ٹارگٹ کلنگ میں مرنے والوں کی یاد میں مختلف سڑکوں پر موم بتیاں جلاتی ہیں یہ مغرب کی رسم ہے چونکہ ان کے پاس کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ اور نہ انہیں اس کا علم ہے اس لئے وہ یہ اوٹ پٹانگ رسمیں کرتے ہیں جب مائیکل جیکسن فوت ہوگیا تو اس منظر کو ٹی وی پر دیکھا اس کی روح کو خوش کرنے کے لئے باری باری اس کے مداح گیت گاتے۔ یوں وہ سمجھ رہے تھے کہ اس طرح مائیکل جیکسن سیدھے جنت میں چلا جائے گا اور وہاں بھی وہ گیت گائے گا اس منظر کودیکھ کر بڑاافسوس ہوا کہ ان بیچاروں کو اس کاعلم ہی نہیں ہے کہ ایک شخص جو اس دنیا سے چلا گیا ہے اس کے لئے کیا کیاجائے۔


روئے زمین پر اسلام کے سوا کوئی دین موجود نہیں ہے جو فوت ہونے کے بعد رہنمائی کرتا ہے کہ فوت ہونے کے بعد کیارسم ادا کی جائے۔ اسلام کے لئے سب سے روشن مثال رسول اللہؐ کا اسوہ حسنہ ہے۔ تاریخ میں موجود ہے کہ جب آپ اس دنیا سے تشریف لے گئے تو کون کون سی رسم ادا کی گئی سب سیرت کی کتب میں موجود ہے۔ اصحاب رسولؐ نے آپ کے روضہ اقدس پر کوئی موم بتیاں نہیں جلائیں۔ اور جب رسول اللہؐ کے عزیز ترین چچا حضرت حمزہؓ کو شہید کیاگیا تو آپ نے اور اصحابؓ نے جہاں وہ شہید ہوئے تھے کوئی موم بتیاں نہیں جلائیں اور نہ ان کی قبر پر گلاب کے پھول سجائے۔ اس کے بعد تاریخ کا سفر جاری رہا۔ حضرت عمرؓ کو شہید کیا گیاتو اس جگہ جہاں وہ شہید ہوئے نہ موم بتیاں جلائی گئیں نہ پھول رکھے گئے اس کے بعد حضرت عثمانؓ اور حضرت علیؓ شہید ہوئے نہ امام حسینؓ اور نہ امام حسنؓ نے نہ ابن عباسؓ نے یہ رسم ادا کی اور جب کربلا میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے فرزندوں کو یزیدی لشکر نے تہہ تیغ کیا تو ان کے عزیز واقارب نے کربلا کی زمین پر موم بتیاں جلائیں اور نہ گلاب کے پھول پھینکے۔ ہم نے بہت سی رسمیں مغرب سے مستعار لی ہیں اس کی کوئی سند رسول اللہؐ اور خلفائے راشدینؓ کے دور میں نہیں ملتی ۔


اب کچھ عرصہ سے پاکستان میں یہ رسم زور پکڑگئی ہے اور ہم مختلف حادثات اور واقعات میں اس رسم کو ادا کرتے ہیں، لیکن ہمیں حیرت تو اس بات پر ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے شیخ الاسلام جناب مولانا عبدالواسع صاحب بڑے با ادب ہوکر کھڈ کوچہ کے مظلوموں کے لئے موم بتیاں جلانے کی رسم مبارک میں شریک تھے گلہ نہیں ہے وہ موم بتی جلائیں لالٹین جلائیںیا مٹی کے تیل کا چراغ جلائیں وہ سب کچھ کرسکتے ہیں اس لئے کہ انہیں حکومت ملی ہے اب وہ تمام رسومات ادا کریں گے اس لئے کہ کوچہ اقتدار انسان کو بہت کچھ کرنے پر مجبور کرتا ہے اسی لئے تو شاعر کو کہنا پڑا:


میں کوچہ رقیب میں بھی سرکے بل گیا


اقتدار کی رہگزر کا کمال ہی تو ہے


اعتراض قوم پرستوں پر نہیں ہے انہیں نئی نئی بااختیار حکومت ملی ہے جو اختیارات عبدالمالک بلوچ کو حاصل ہیں وہ اختیارات اور پشت پناہی سردارعطاء اللہ مینگل کو اورنواب بگٹی کو حاصل ہوتی تو بلوچستان آسمان کی بلندی کوچھوتا نظر آتا وہ دونوں حقیقی قوم پرست تھے اور انتہائی باصلاحیت شخصیات تھیں ان کے منہ سے نکلے ہوئے الفاظ بلوچستان کی ترجمانی کرتے تھے وہ سراپا بلوچستان تھے وہ بولتے تولگتا تھا کہ پورا بلوچستان بول رہا ہے پورے ملک میں ان کی صداء گونجتی تھی ان کی آواز میں لاکھوں بلوچوں کے دل دھڑکتے تھے ایوان صدر تک ان کے وزن کو محسوس کرتا تھا وہ وار لارڈزتھے، لیکن سیاست کے نشیب وفراز نے انہیں صیقل کردیا تھا ایک آہنی شخصیت میں تبدیل کردیا تھا ان کے بعد قوم پرستی دم توڑگئی ہے ،اب سوڈونیشنلزم کا سفر جاری ہے۔


بات کہاں سے چلی تھی اور کس طرف مڑگئی ہے ہم ذکر کررہے تھے شیخ الاسلام جناب مولانا عبدالواسع کا وہ موم بتیاں جلا رہے تھے ہم تو کہیں گے کہ مولانا صاحب موم بتیاں جلائے رکھنا، لیکن آپ سے صرف سوال یہ ہے کہ آپ جس شریعت کو مانتے ہیں کیااس میں اس کی گنجائش ہے باقی حضرات سے یہ سوال نہیں ہے نہ ان سے کوئی گلہ ہے نہ شکایت؟۔آپ کا دعویٰ ہے کہ آپ مکتبہ دیوبند کے پیروکار ہیں اور شیخ الہند کی راہ پرچلنے والے لوگ ہیں کیا جواب ہے آپ کے پاس؟

مزید :

کالم -