عید کے حوالے سے کراچی میں تاجروں کی 90،لاہور میں 45ارب کی سرمایہ کاری

عید کے حوالے سے کراچی میں تاجروں کی 90،لاہور میں 45ارب کی سرمایہ کاری

لاہور/ کراچی (آن لائن) شہر قائد کے دکانداروں اور تاجروں نے کہا ہے کہ وہ عید الفطر کے حوالے سے اپنی دکانوں میں ذخیرے کے لیے 90 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں، لاہور میں 45 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی توقع ہے ‘ان مصنوعات میں تیار گارمنٹس، کڑھائی والے سوٹ، ہوجری، چوڑیاں، کاسمیٹکس، خواتین کے پَرس، مہندی، پَردے، فرنیچر، کٹلری اشیا، جوتے، کھلونے، مصنوعی زیورات اور بچوں کی بائی سائیکل وغیرہ شامل ہیں۔کراچی اور لاہور کے تاجروں کو عید کی خریداری کے حوالے سے مجموعی طور پر بالترتیب 70 ارب اور 35 ارب روپے سے زائد کی اشیا کی فروخت کی امید ہے ‘مجموعی خریداری میں بچوں کی مصنوعات کی 70 سے 80 فیصد کی خریداری متوقع ہے تاہم مختلف آمدنی گروپس کے اخراجات کے طور طریقوں کے حوالے سے واضح فرق پایا جاتا ہے۔پاکستان میں ایک طرف جہاں غریب شخص کی قوت خرید ایک ہزار سے دو ہزار ہوتی ہے، تو وہیں اشرافیہ سے تعلق رکھنے الے گھرانوں میں 40 سے 50 ہزار روپے فی کس عید کی شاپنگ کے لیے خرچ کیے جاتے ہیں۔آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر نے رواں سال ملک بھر میں تقریباً 280 ارب روپے کی عید کی خریداری کا اندازہ ظاہر کیا جس میں 20 کروڑ کی آباaدی والے ملک کی 30 فیصد آبادی عید کی خریداری کی قوت نہیں رکھتی، جبکہ بقیہ 70 فیصد عوام اوسطاً 2 ہزار روپے فی شخص کے حساب سے خریداری کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلفٹن، ڈیفنس، طارق رڈ اور جامع کلاتھ سمیت کراچی کے اکثر شاپنگ سینٹرز افطار کے بعد کھلتے ہیں، اگرچہ ابھی خریدار کم اور مارکیٹوں میں تفریح کی غرض سے آنے والے زیادہ ہیں تاہم امید ہے کہ 11 رمضان سے خریداری میں تیزی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں بالخصوص امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے، بھتہ خوری میں خاطر خواہ کمی آنے اور آبادی بڑھنے کے باعث خریداری میں اضافہ ہوگا ‘رمضان سے قبل خریدای تاجروں کی امیدوں سے کئی گنا کم رہی تھی۔

مزید : کامرس