سیکرٹریز اور سینئر افسران کو فیلڈ میں جا کر ڈینگی مانیٹرنگ کی ہدایت

سیکرٹریز اور سینئر افسران کو فیلڈ میں جا کر ڈینگی مانیٹرنگ کی ہدایت

لاہور(جنرل رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے متعلقہ سرکاری محکموں کے سیکرٹری صاحبان اور سینئر افسران خود فیلڈ میں نکل کر اپنے اپنے محکموں کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون سیزن میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے لہذا ڈینگی مچھر کی افزائش میں بھی اضافہ متوقع ہے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے زیادہ محنت کے ساتھ ڈینگی کنٹرول کے اقدامات جاری رکھیں ۔انہوں نے یہ بات کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر مختار حسین سید ، پیر اشرف رسول ایم پی اے اور تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فیاض بٹ نے صوبے میں ڈینگی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی ۔خواجہ عمران نذیر نے ڈینگی کی روک تھام کے سلسلہ میں آؤٹ ڈور اور ان ڈور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں پر فوکس کرنے کے ساتھ عوام کی آگاہی کے لئے مہم چلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈینگی کے لحاظ سے زیادہ حساس ضلع ہے جس پر خصوصا توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1