ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں کو نجی کمپنیوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ

ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں کو نجی کمپنیوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ

لاہور(جاوید اقبال)محکمہ صحت نے ضلع لاہور میں واقع ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں کو پرائیویٹ کمپنیوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس کی تصدیق ای ڈی او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر ذوالفقار چودھری نے کی ہے جن کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا ۔بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت نے آغاز میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رائیونڈ کو ٹھیکے پر دینے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں جس کے لیے پرائیویٹ کمپنیوں سے پیش کش طلب کی جا رہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ہسپتال کے سالانہ فنڈز کا حساب بولی دینے والی کمپنی کے حوالے کر دیا جائے گا جو ہسپتال کے ایم ایس سمیت دیگر انتظامی امور چلانے والے ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کو اپنی منشاء کے مطابق رکھنے کا اختیار رکھتی ہو گی نہ پسند عملے یا کسی ڈاکٹر کو محکمہ صحت کو واپس کر سکے گی ۔ایم ایس کا عہدہ کاغذی بن کر رہ جائے گا ۔اس حوالے سے محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی ضلع لاہور کے ایک تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رائیونڈ کو پائیلٹ پروجیکٹ کے طور پر آؤٹ سروس آنے کا پروگرام بنایا گیا ہے اس کے لیے اوپن بولی ہو گی جو کمپنی معیار پر پورا اترے گی اس کو ہسپتال کا نظم و نسق سونپا جائے گا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1