شندور پولو فیسٹیول میں ٹیموں کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا، عبدالمنیم

شندور پولو فیسٹیول میں ٹیموں کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا، عبدالمنیم

پشاور ( آن لائن) شندور پولو فیسٹیول میں صوبائی حکومت گلگت بلتستان سے آنے والی ٹیموں کو مکمل سہولیات فراہم کریگی جبکہ ان ٹیموں کی بہترین طریقے سے مہمان نوازی کی جائے گی ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سیاحت عبدالمنیم نے شندور پولو فیسٹیول کی تیاریوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ان کے ہمراہ ممبران صوبائی اسمبلی فوزیہ بی بی ، سردار حسین ، سلیم خان ، ڈسٹرکٹ ناظم چترال مغفرت شاہ ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتا ق احمد خان ، جنرل منیجر ایڈمن سجاد حمید ، جنرل منیجر ٹی آئی سیز محمد علی سید ، چیف پلائننگ آفیسر حیات علی شاہ اور دیگرا ہم شخصیات موجود تھیں ، معاون خصوصی عبدالمنیم نے کہاکہ شندور پولو فیسٹیول کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے تاکہ امسال خصوصی طور پر بین الاقوامی سیاحوں سمیت ملکی سیاح بھی ان علاقوں کا دورہ کرسکیں اور سیاحت ترقی پاسکے ، قدیم عرصے سے جاری اس کھیل کو صوبائی حکومت مکمل سپورٹ کر رہی ہے اور اس میں آنے والے تمام مہمانوں کی مکمل مہمان نوازی کی جائے گی ، پولو فیسٹیول کی کامیابی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کا اہم اجلاس اگلے ہفتے چترال میں طلب کرلیا گیا ہے جس میں تیاریوں کو مزید حتمی شکل دی جائیگی، واضح رہے کہ ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا شندور پولو فیسٹیول میں ہرسال کیمپنگ ویلیج ، ثقافتی موسیقی، پیرا گلائیڈنگ اور دیگر سرگرمیوں میں مکمل سپورٹ کرتا رہاہے اور یہ سالانہ کلینڈر کا بڑا ایونٹ ہے جو کہ باقاعدگی کیساتھ منعقدکیا جاتا ہے ،پولو فیسٹیول دنیا کے بلند ترین گراؤنڈ پر منعقد کیا جاتا ہے جو کہ سطح سمندر سے 12500فٹ اونچائی پر واقع ہے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی