مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر انتخابات میں پیپلز پارٹی کا راستہ روکنے کیلئے دھاندلی پلان بنا لیا ، رحمن ملک

مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر انتخابات میں پیپلز پارٹی کا راستہ روکنے کیلئے ...

 مظفرآباد(اے این این ) سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ( ن) لیگ صرف پنجاب تک رہے گی آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کا راستہ روکنے کی دھاندلی کا پلان بنا رکھاہے پاکستان میں پہلی بار وزیر اعظم سے خالی ملک کے مسائل شدت اختیار کر چکے ہیں غیر قانونی فیکٹریوں کو چلانے کے لئے ملک میں بجلی کا بحران پیدا کیا گیا ہے ٗپیپلز پارٹی نے ہمیشہ قربانی دیکر ملک اور قوم کو بچایا ہے اب اگر ضرورت پیش آئی تو پیچھے نہیں ہٹیں گے ٗ (ن )لیگ کے وفاقی وزراء نے آزاد کشمیر میں عام انتخابا ت میں مداخلت کرنے کی کوشش کی تو چپ نہیں رہیں گے۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار نو منتخب ممبر کشمیر کونسل میر یونس سے ملاقات کے دوران کیا جہاں نو منتخب ممبر کشمیر کونسل بننے پر میر یونس کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا میر یونس کے چیئر مین بلاول بھٹو محترمہ فریال تالپور ،چوہدری ریاض سمیت وفاقی پیپلز پارٹی کے وزراء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مشکور ہو ں جنہوں نے ایک ورکر کو اس قبل سمجھا اور کشمیر کونسل کے لئے منتخب کیا میر یونس نے رحمن ملک کو مظفرآباد آنے کی دعوت بھی دی جو انھوں نے قبول کرلی ۔اس موقع پر رحمن ملک نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ایسا ہواہے وزیراعظم کی کرسی خالی ہے ملک میں درپیش مسائل میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے (ن ) لیگ کے وزراء کو خود نہیں معلوم کہ کیا کریں جو بیانات دیتے ہیں وہ بھی ہوائی ثابت ہوتے ہیں ۔انھوں نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ حکومت خود پیدا کرتی ہے پیپلز پارٹی کے دور میں ہر مصیبت کا مقابلہ کیا لوڈ شیڈنگ اتنی نہیں ہوئی مگر (ن)لیگ کے وزراء جن کی اپنی غیر قانونی فیکٹریاں چل رہی ہیں جہاں بجلی عوام کو دینے کے بجائے ان فیکٹریوں میں لگائی جاتی ہے۔ عوام گرمی کی شدت سے بے حال ہیں مگر ان کی فیکٹریاں چل رہی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا (ن ) لیگ کی حکومت صرف پنجاب تک محدودہو کر رہ گئی آئندہ مزید سالوں میں یہ ہی حالت رہی تو (ن) لیگ ختم ہو جائے گی پیپلز پارٹی نے روٹی ،کپڑا اور مکان کے لئے جدو جہد جاری رکھی ہے بی بی شہید کے مشن کو ہر حال میں پورا کریں گے ۔آخر میں ممبر کشمیر کو نسل میر یونس نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال اور آئندہ پیپلز پارٹی کے عام انتخابات میں نمایاں کامیابی پر تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ (ن )لیگ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹ کا رستہ روکنے کے لئے بڑے بڑے پلان بنا رکھے ہیں مگر ان کا ہر حال میں مقابلہ کر یں گے ۔میر یونس نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی نے تعمیر وترقی کا لجوں یونیورسٹیاں تعمیر کروائی جبکہ سڑکوں کے حال سے آج عوام دنوں کے حساب سے نہیں بلکہ گھنٹوں میں اپنی منزل تک پہنچ جاتے ہیں انھوں نے کہا کہ میری کامیابی بھی عوام کی دعاتھی اور وزیر جنگلات سردارجاوید ایوب کی دوستی جس کی وجہ سے مجھے کشمیر کونسل منتخب کیا گیا ۔انھوں نے کہا کہ آئندہ آزا د کشمیر میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے جیت کر دوبارہ حکومت بنائے گی۔

مزید : علاقائی