سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کیلئے زیر التواء درخواستوں کی جلد سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کیلئے زیر التواء ...

لاہور(نامہ نگارخصوصی )سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کے لئے کئی ماہ سے زیر التواء درخواستوں کی جلد سماعت کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی ہے ،یہ درخواست شہری محمد عرفان نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل جوڈیشل کمیشن نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں خواتین 17افراد کی ہلاکت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ کی انکوائری رپورٹ تیار کر کے حکومت کو بھجوائی تھی لیکن پنجاب حکومت نے ابھی تک اس رپورٹ کو خفیہ رکھا ہوا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ خفیہ رکھنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں متعدد درخواستیں زیر سماعت ہیں جو تین رکنی فل بنچ کے پاس زیر التواء ہیں تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود ان درخواستوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے، دو سال گزرنے کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین انصاف کے منتظر ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فل بنچ کے روبرو زیر التواء درخواستوں پر جلد کارروائی کا حکم دیا جائے۔

مزید : علاقائی