نہر میں ڈوبنے والے شخص کی لاش کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن شروع

نہر میں ڈوبنے والے شخص کی لاش کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن شروع

لاہور(وقائع نگار) بی آر بی نہر میں دو روز قبل ڈوبنے والے شخص کی لاش کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب کے پولیٹیکل سیکرٹری طلحہ برکی نے ریسکیو کے غوطہ خوروں کے ساتھ آپریشن میں حصہ لیا۔ذرائع کے مطابق ہیئر گاؤں کے قریب واقع بی آر بی نہر میں دو روز قبل محمد ندیم نامی شخص اپنے دوستوں کے ہمراہ نہانے کے لیے گیا، نہر میں نہاتے ہوئے محمد ندیم ڈوب گیا جس کو اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کیا مگر ناکام رہے۔اہل علاقہ کی ناکامی کے بعد ریسکیو اور سول ڈیفنس کے غوطہ خوروں نے ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری طلحہ برکی نے بھی ریکسیوآپریشن میں حصہ لیا۔ طلحہ برکی نے ریسکیو کے غوطہ خوروں کے ساتھ نہر میں چھلانگ لگا کر ڈوبنے والے نوجوان کو تلاش کیا۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والے ریسکیوآپریشن میں تاحال محمد ندیم کی لاش کو نہیں تلاش کیا جاسکا جس کے بعد ریسکیو آپریشن چوبیس گھنٹوں کے لیے موخر کردیا گیا ہے۔

مزید : علاقائی