پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن فروغ تعلیم کا انتہائی با کفایت ماڈل ہے،انجینئرقمرالاسلام

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن فروغ تعلیم کا انتہائی با کفایت ماڈل ...

لاہور( لیڈی رپورٹر ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن فروغ تعلیم کا انتہائی با کفایت ماڈل ہے جس کے ذریعے تر قی پذیر ممالک غربت و جہالت سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس فاؤنڈیشن نے صوبے کے 36اضلاع میں 20لاکھ سے زائدمستحق طلباء و طالبات کوچھ ہزار سے زائد پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم کی سہولت مہیا کر دی ہے ۔ اس طرح لاکھوں گھرانوں کا معاشی مستقبل محفوظ ہوا ہے ۔ یہ بات چےئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئرقمرالاسلام راجہ نے برطانیہ کے مصر میں سفیر جان کیسن کو آج پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے دورہ کے موقع پر خصوصی بریفینگ دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم ڈی پیف طارق محمود کے علاوہ پروگرام ڈائریکٹر ز بھی موجود تھے۔ قمرالاسلام نے برطانوی سفیر کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفید تعلیمی کردار کے بارے میں کہا کہ تعلیم جیسے اہم ترین حق تک رسائی ممکن ہونے سے سماجی و معاشی مشکلات کا شکار طبقات کا مستقبل محفوظ ہوا ہے۔اس طرح معاشرے میں پر امن، تعلیم یافتہ اور مہذب سماجی رویوں کو فروغ ملا ہے ۔

۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اپنے پارٹنر سکولوں کے مختلف درجات کے طالب علموں کی فیسوں کی مد میں ماہانہ 550سے 1100روپے تک تعلیمی امداد مہیاکرتی ہے جبکہ معمولی نوعیت کی معذوری کاشکار بچوں کی تعلیم کے ذریعے بحالی کا منصوبہ لاہور، ملتان، راولپنڈی اور وہاڑی میں شروع کیا گیا ہے تاکہ خصوصی بچے تعلیم کو سہارا بنا کر قومی دھارے میں آگے آئیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں سے ضرورت مند لڑکیوں کی تعلیم میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری کو بھی خصوصی فائدہ پہنچا ہے۔اسی طرح تعلیم کے ساتھ ساتھ پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی علمی و تدریسی استعداد کار بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جبکہ ضلعی سطح پر مانیٹرنگ سٹاف کے ذریعے پارٹنر سکولوں کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھی جاتی ہے۔ قمرالاسلام نے مزید کہا کہ پیف کے تعلیمی ماڈل کو عالمی سطح پر سراہا گیاہے اور اس بات پر ماہرین کا اتفاق ہے کہ اس تعلیمی ماڈل کے ذریعے تیسری دنیا غربت اور جہالت سے نجات حاصل کر سکتی ہے ۔ اس موقع پر برطانوی سفیر جان کیسن نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں اور پالیسیوں کے بارے مختلف سوالات پوچھے اور اسکی پیشہ ورانہ کارکردگی کوسراہا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4