حکومتی کشتی ڈگمگا رہی ہے ، عید کے بعد فیصلہ کُن مرحلہ ہو گا ،عبدالعلیم

حکومتی کشتی ڈگمگا رہی ہے ، عید کے بعد فیصلہ کُن مرحلہ ہو گا ،عبدالعلیم

لاہور(نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء اور وزارتوں کے امیدوار حواس باختہ ہو کر "عمران فوبیا" کا شکا رہو چکے ہیں اور انہیں اپنا تاریک سیاسی مستقبل دیوار پر لکھا نظر آ رہا ہے اسی لیے وہ بے بنیاد الزامات کا سہارا لے کر حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں انہوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے انشا ء اللہ عید کے بعد فیصلہ کُن مرحلہ ہو گا اور دانیال اور طلال جیسے کاسہ لیسوں کو کچھ نہیں ملے گا جو بڑی ڈھٹائی کے ساتھ حکمرانوں کا دفاع کرنے کیلئے میڈیا کاسہارا لیتے ہیں انہوں نے کہا کہ سب اچھا کا نعرہ لگانے والوں کو صوبائی دارالحکومت لاہور میں دو برس قبل ہونے والے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا جواب دینا چاہیے اور بتانا چاہیے کہ اُن درجنوں بے گناہ شہریوں کاخون کس کے سر ہے ؟انہوں نے کہا کہ گذشتہ 3برسوں کی حکومتی کاکردگی مکمل طور پر مایوس کُن ہے ،مہنگائی ،بے روزگاری اور بد امنی عروج پر ہے کیا اس سب کا ذمہ دار بھی عمران خان ہے جن پر حکومتی وزراء دشنام طرازیاں کرتے رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملک گیر تبدیلی لانے اور پاکستان کو صاف اور شفاف نظام دینے کا بیڑہ اٹھایا ہے اور انشا ء اللہ عوام عمران خان کی قیادت میں منزل تک پہنچنے سے پہلے دم نہیں لیں گے ۔ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا کہ 17جون کے دھرنے میں تحریک انصاف کی بھرپور نمائندگی ہو گی اور وہ خود کارکنوں کے ہمراہ شرکت کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر