حلیمہ قتل کیس ،ملزمہ سونیا کو رہا کرنے سے متعلق رپورٹ مسترد

حلیمہ قتل کیس ،ملزمہ سونیا کو رہا کرنے سے متعلق رپورٹ مسترد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کی مقامی عدالت نے حلیمہ قتل کیس میں ملزمہ سونیا کو رہا کرنے سے متعلق پولیس رپورٹ مسترد کرتے ہوئے سونیا کو 5 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیاہے۔جمعرات کوجوڈیشل مجسٹریٹ کراچی کی عدالت میں حلیمہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران پولیس نے ملزم رضوان اوراس کی بیوی سونیا کو بھی عدالت میں پیش کیا۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسرانسپکٹرحمیداللہ نے مقدمے کا چالان پیش کرتے ہوئے حتمی چالان پیش کرنے کے لیے مزید 14 دن کی مہلت طلب کی۔ چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے ہی مقتولہ کو گھرلے کردیا، ملزم رضوان نے اپنی بیوی سونیا کو اس کی سہیلی ثمینہ کے فون سے میسیج کیا کہ غلطی ہوگئی ہے اوربیوی سے پریشانی کا اظہار کرکے کراچی چھوڑنے کوکہا۔تفتیشی افسرنے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ سونیا کے خلاف قتل کے حوالے سے کوئی شواہد یا ثبوت نہیں ملے، اس لئے اسے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 497 کے تحت رہا کیا جارہا ہے۔ کیس کے حوالے سے اس کی تفتیش مکمل نہیں ہے، ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے اوراس سے موبائل کا ڈیٹا حاصل کرنا ہے،اس لئے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیا جائے۔رضوان کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ عبوری چالان کے بعد ملزم سے اب مزید تفتیش کی ضرورت نہیں اس لئے مقدمہ سیشن کورٹ منتقل کیاجائے۔ عبوری چالان کو حتمی چالان سمجھا جائے، اگر روزروز تفتیشی افسرتبدیل ہوگا توعدالت روزمہلت دے گی۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمہ سونیا کے خلاف شواہد ناکافی تھے ہم نے اسے چھوڑ دیاجبکہ ملزم رضوان نے اس سے قبل حلیمہ کے منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کرنے کا عتراف کیا تھا لیکن اب مکر گیاہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمہ کو رہا کرنے کی پولیس رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اسے 5 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔سونیا کی بیٹی جنت گل عدالتی فیصلے بعد پھوٹ پھوٹ کر روپڑی۔ ماں نے بچی کے آنسو پوچھے۔کیس کی مزید سماعت 21 جون تک ملتوی کردی گئی۔ملزمہ سونیا رہائی کی استداعا مسترد ہونے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے زارو قطار روپڑی۔ سونیانے کہاکہ مجھے لگا تھا آج میں بیٹی کے ہمراہ گھر چلی جاؤں گی، تاہم آج ایسا نہیں ہوسکا۔سونیا نے کہا کہ وہ حلیمہ کے قتل میں ملوث نہیں اور نہ ہی اس سلسلے میں اس کے خلاف کوئی ثبوت ہے، ایسی صورت میں اس کے خلاف کیسے کارروائی ہوسکتی ہے۔ رضوان کیساتھ مزید ازدواجی زندگی برقراررکھنے سے متعلق سونیا نے کہا کہ رضوان نے اسے کچھ برسوں کی رفاقت میں جیل کی ہوا کھلادی اب اتنا ہی بہت ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملزم رضوان نے کہا کہ سونیا اس کی بیوی ہے اور رہا ہونے کے بعد ہم ایک ہی گھرمیں رہیں گے۔

مزید : کراچی صفحہ اول