خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ انتظامیہ کا اجلاس

خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ انتظامیہ کا اجلاس

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ انتظامیہ کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی بخت بیدار کی زیر صدارت جمعرات کے روز صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی کے علاوہ کمیٹی کے اراکین اور ممبران صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھا،صاحبزادہ ثناء اللہ،محترمہ عظمیٰ خان، سیکرٹری محکمہ انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے سیکرٹری محکمہ انتظامیہ کی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے آئندہ اجلاسوں میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس کے شرکاء نے ایم پی اے سردار اورنگزیب نلوٹھا کی تحریک التواء جس میں محکمہ ایڈمنسٹریشن سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلوں کے باوجود صوبائی اسمبلی کے ملازمین کو سرکاری مکانات کی الاٹمنٹ میں شامل نہ کرنے کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔سیکرٹری محکمہ انتظامیہ نے کمیٹی کو بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں 9جنوری2015کے بعد سرکاری مکانات کی الاٹمنٹ میرٹ کے مطابق کی جاتی ہے جس پر کمیٹی کے ا راکین نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ انتظامیہ کی جانب سے جنوری2015کے بعدبھی بعض سرکاری مکانات کی میرٹ کے برعکس الاٹمنٹ کی نشاندہی کی۔اس موقع پر سپیکرصوبائی اسمبلی اسدقیصرنے محکمہ انتظامیہ کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ آئندہ تین دنوں میں گزشتہ تین سالوں کاالاٹمنٹ ریکارڈ بمعہ ویٹنگ لسٹ کمیٹی کے روبرو پیش کی جائے بصورت دیگر محکمہ ایڈمنسٹریشن کی سالانہ گرانٹ نہ اسمبلی میں پیش کی جائے گی اور نہ ہی اس کی منظوری دی جائے گی۔کمیٹی کے چیئرمین بخت بیدارنے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ مذکورہ کمیٹی قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری اور قوانین کے قابل عمل بنانے کو یقینی بنائے گی۔

مزید : کراچی صفحہ اول