راولپنڈی میں ڈینگی پھیلنے کے ذمہدار متعلقہ محکمے ہونگے،خواجہ سلمان

راولپنڈی میں ڈینگی پھیلنے کے ذمہدار متعلقہ محکمے ہونگے،خواجہ سلمان

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے راولپنڈی میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے سرکاری محکموں کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر راولپنڈی میں ڈینگی کی وباء پھیلی تو اس کے ذمہ دار متعلقہ سرکاری محکمے ہو ں گے ۔ انہوں نے کہاکہ انسانی جانوں سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں،انہوں نے ذمہ داروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام میں کوئی کوتاہی براداشت نہیں کی جائے گی اورجولو گ اپنے فرائض خو ش اسلوبی سے سر انجام نہیں دیں گے انہیں فارغ کر دیا جائے گا ۔مشیر صحت نے کہاکہ سرکاری محکمے عید کی چھٹیوں کے دوران بھی انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں جاری رکھیں اور ڈینگی پر قابو پانے کے لئے جو ذمہ داریاں انہیں سونپی گئی ہیں ان سے ہرگز پہلو تہی نہ برتیں۔ انہوں نے یہ ہدایات جمعرات کو ڈی سی او آفس راولپنڈی میں انسداد ڈینگی اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں اجلاس میں ڈی سی اوراولپنڈی طلعت محمود گوندل ، اے ڈی سی (جی) نازیہ پروین سدھن ، اے ڈی سی عارف رحیم ، اے سی کینٹ ڈاکٹر شائش ، اے سی صدر رتسنیم علی خان ، اے سی ( سٹی ) ملیحہ جمال ، ای ڈی او ہیلتھ سمیت مختلف متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ڈینگی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے تحت کام کیا جا رہا ہے اور ہیومن ریسورس کی فراہمی سمیت ڈینگی سے نمٹنے کے لئے متعلقہ محکموں اور اداروں کی تمام مطلوبہ ضروریات پوری کی گئی ہیں اور فیلڈ فورس کو ضروری تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے باقاعدگی کے ساتھ ڈینگی پر قابو پانے کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جارہاہے اور صوبائی محکموں اور اداروں کی بھر پور معاونت بھی کی جا رہی ہے اور ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد کسی بھی محکمے کی کسی غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈینگی کی تدارک کے لئے صوبائی انتظامیہ بھی متحرک ہے اور باریک بینی کے ساتھ تمام اسٹیک ہولڈرز کی کارکردگی مانیٹر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں گذشتہ برس ڈینگی مریضوں کی غیر معمولی تعداد کے پیش نظر وسیع پیمانے پر اقدامات کئے گئے اور اجتماعی کوششوں سے ڈینگی کی وجہ سے بڑا جانی نقصان نہیں ہوا لیکن رواں سال کے دوران پہلے سے زیادہ خبردار رہنے کی ضرورت ہے اور با لخصوص مون سون سیزن کے دوران بارش کا پانی مختلف مقامات پر جمع ہو کر ڈینگی لاروا کی افزائش کا موجب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے راولپنڈ ی کے تمام علاقوں میں ڈینگی کنٹرول اقدامات میں کوئی کمی نہ آنے دی جائے ۔ مشیر صحت نے کہا کہ اس وقت ان ڈور ڈینگی لاروا سرولنس سرگرمیاں زور و شور کے ساتھ جاری رکھی جائیں اور فیلڈ ٹیمیں گھر گھر جاکر ڈینگی سے بچاو کے حفاظتی اقدامات عام کریں اور کسی بھی علاقے کو نظر انداز نہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کے گردو نواح میں بھی کڑی نظر رکھی جائے اور جن علاقوں سے ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے جائے وہاں کیس رسپانس میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔قبل ازیں ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے راولپنڈی میں ڈینگی پر قابو پانے کے لئے جاری کی گئی ہدایات اور اب تک انضباطی کاروائیوں کے بارے میں بتایا ۔ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد محمود صابر نے محکمہ صحت اور دیگر محکموں کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر